ماضی میں صرف نعرے لگے،ن لیگ کی حکومت کا شتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیگی:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)2024کا سنہرا اختتام،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کیلئے نئے منصوبوں کا ریکارڈقائم کردیا،اپنی نوعیت کا سب سے بڑا کسان کارڈ، گرین ٹریکٹرز پروگرام، سپر سیڈرز فراہمی، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام شروع ہوچکا ہے ۔
کسان کارڈ سے 30ارب سے زائد کے زرعی مداخل کی خریداری کی گئی ۔پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈی اے پی سمیت دیگر کھادیں مقررہ نرخوں پر وافر دستیاب ہیں ۔پنجاب میں گندم کاشت کے کل ہدف کا 99 فیصد حاصل کرلیاگیا۔گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت 5ہزار ٹریکٹر آ گئے جن میں سے 2500 ٹریکٹرز کاشتکاروں کو مل گئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جارہی ہے ، ایگریکلچر گریجوایٹس فیلڈ میں کسانوں کی رہنمائی کررہے ہیں ۔ ینگ ایگریکلچر گریجوایٹ کوماہانہ 60ہزار سکالرشپ بھی ملے گا ۔ ہر ضلع میں ماڈل ایگریکلچر مال بنانے کی منظوری دی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ماضی میں کاشتکار کیلئے صرف نعرے لگائے گئے ،کام ہمیشہ مسلم لیگ ن کی حکومت کرتی ہے۔
پنجاب میں کاشتکاری کا رحجان بڑھ رہاہے ہم نے ثابت کیا حکومت کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہے ، تنہا نہیں چھوڑیں گے ، کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ اولین اہداف میں شامل ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وبائی امراض سے بچائو کی تیاری کے عالمی دن پر پیغام میں کہاہے کہ وبائی امراض کسی علاقے تک محدود نہیں رہتے پوری دنیا کو متاثر کرتے ہیں ان پرقابو پانے کیلئے ہر دم تیار رہنا ضروری ہے ۔حکومت شعبہ صحت کی کپیسٹی بڑھا رہی ہے ، سب سے زیادہ صحت پر کام کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام میں کہاہے کہ بینظیر بھٹو پاکستانی خواتین کیلئے جرات وہمت کا استعارہ ہیں، انکی شہادت ملکی تاریخ کا المناک باب ہے ۔ بینظیر نے ثابت کیا خواتین ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔ جمہوریت کیلئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔