ملٹری ٹرائل ملک کیلئے مشکلات کا باعث نہیں بن سکتا، رانا ثنا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سویلین کا ملٹری ٹرائل پاکستان کے لیے مشکلات کا باعث نہیں بن سکتا، ملٹری ٹرائل آرمی ایکٹ 152 کے مطابق ہے۔
9 مئی پر پی ٹی آئی کا کوئی مطالبہ آیا تو اسٹیبلشمنٹ سے بات کی جائے گی، میز پر بیٹھنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ۔اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کسی ملک نے پاکستان یا حکومت پاکستان سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا، پی ٹی آئی نے امریکا میں لابیز ہائیر کررکھی ہیں جن میں شامل لوگ بیان دیتے رہتے ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ امریکا میں عمران خان کی حمایت کے لیے لابیز موجود ہیں، پی ٹی آئی نے امریکا میں لابنگ فرم ہائیر کی ہوئی ہے ، جس میں یہودی لابی اور انڈین لابی بھی شامل ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور نے مزید کہا کہ ان لابیز نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے الیکشن میں بھی پیسے خرچ کیے ہیں، اب بھی کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ یہ اچھی پیشرفت ہے کہ دونوں پارٹیز نے ایک دوسرے کے ساتھ ٹیبل پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہاں بیٹھ کر یہ کوشش کی جائے گی کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست، دھرنوں اور حملوں کی سیاست کے بجائے سیاسی مذاکرات سے معاملات حل کیے جائیں۔