پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کامیابی کا امکان کم :رانا تنویر

پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کامیابی کا امکان کم :رانا تنویر

مریدکے ،کالا شاہ کاکو،نارنگ منڈی (نمائندگان دنیا،نامہ نگار)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہمیں امریکا سے کوئی حکم نہیں ملا اور نہ ہی کسی ایگزیکٹو آرڈر کی گنجائش ہے ۔

بانی کے کیس عدالتوں میں ہیں وہیں سے معافی تلافی ہو گی۔ انکی اپنی لابی غیر ملکی ارکان پارلیمنٹ کو بانی کی رہائی کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ڈیرہ پر کارکنوں اورپیر سید زاہد شاہ گیلانی ، ارشد ورک کے ہمراہ نومنتخب صدر سٹی پریس کلب تحصیل مریدکے رانا جعفر سیکرٹری جنرل بابر ہاشمی سینئرنائب صدر میاں ناصر چیئرمین ہارون شیخ و دیگر عہدیداران کی تقریب حلف برداری میں کیا۔انہوں نے کہا پاکستان آزاد و خود مختار ملک ہے ہم کسی ملک کے پریشر میں آنیوالے نہیں ۔ اب ہم اڑان پاکستان منصوبہ کے مطابق ملک کو دنیا کی 24ویں بڑی اکانومی بنائینگے ، 2030 تک جی ڈی پی چھ فیصد اور ایکسپورٹ ساٹھ ارب ڈالر ہوجائیگی ۔مسلم لیگ ن جب بھی حکومت میں آئی بلدیاتی الیکشن کرائے اب بھی قانون سازی کے بعد کروادینگے ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے قریبی ساتھی سابق کونسلر رمضان بھولا ، امام علی بھلہ سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا پی ٹی آئی این آر او کیلئے کبھی بھیک مانگتی اور کبھی پاؤں پکڑتی ہے ،یہ لوگ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں اسلئے کامیابی کا امکان کم ہے ۔9 مئی صرف سیاسی دہشتگردی نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر بغاوت تھی،حساس اداروں اور وفاق پر حملہ کے ذمہ داران ہر صورت سزا کے مستحق ہیں جنکے جلد فیصلے ضروری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں