پی پی ،ن لیگ،پی ٹی آئی کاعالمی قوتوں پر انحصار:سراج الحق
لاہو ر(سیاسی نمائندہ)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کہنا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے ، اس سے بڑی غلامی کی اور کیا دلیل ہو گی، حکمرانوں نے 1947ء کے بعد اب ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا، پہلے یہ ایس انڈیا کمپنی کے ایجنٹ تھے ، اب آئی ایم ایف کے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ سیف الرحمن، ڈاکٹر عنایت الرحمن بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کا عالمی اور ملکی اسٹیبلشمنٹ پر انحصار ہے ، یہ تینوں پارٹیاں گھسے پٹے نظام کی چوکیدار ہیں اور قانون و انصاف کی حکمرانی کی بجائے عالمی استعماری قوتوں سے کہتے ہیں کہ ہمیں موقع دیں، ہم سے زیادہ آپ کا کوئی وفادار نہیں ہو سکتا۔ اسمبلیوں کے ارکان افہام و تفہیم سے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کر لیتے ہیں، دوسری جانب چھوٹے سرکاری ملازمین اور عوام پر ٹیکسز میں اضافہ کر کے ان کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے ۔ سابق امیر جماعت نے کہا کہ ملک کا کسان ہو، صنعت کار ہو، کارخانہ دار ہو، مزدور ہو سب کے چہروں پر مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔بعد ازاں سراج الحق نے نائب صدر مرکزی مسلم لیگ حافظ طلحہ سعید سے انکے گھر جاکر ملاقات کی اور انکے ماموں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات پر اظہارتعزیت کیا۔