اسلام آباد ہائیکورٹ : جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر ترین، 2 ججوں کا تبادلہ بھی مستقل، صدر نے سنیارٹی فہرست جاری کردی
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی سنیارٹی طے کردی ہے۔ اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر نے سنیارٹی کی منظوری سپریم کورٹ کے 19جون کے فیصلے کی روشنی میں دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہوں گے، جسٹس سرفراز ڈوگر اور 2ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ بھی مستقل بنیادوں پرکیا گیا ہے ۔صدر مملکت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر پہلے ، جسٹس محسن اخترکیانی دوسرے سینئر جج قرار دیئے گئے ہیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر ہوں گے ، جسٹس طارق محمود جہانگیری سنیارٹی میں چوتھے نمبر پر ہوں گے ، جسٹس بابر ستار سنیارٹی میں پانچویں، جسٹس سردار اعجاز اسحاق چھٹے نمبر پر ہیں۔جسٹس ارباب طاہر سنیارٹی میں ساتویں نمبر پر ہونگے ، جسٹس ثمن رفعت سنیارٹی میں آٹھویں، جسٹس خادم سومرو نویں نمبر پر ہوں گے ، جسٹس اعظم خان سنیارٹی میں دسویں، جسٹس محمدآصف 11ویں اور جسٹس انعام امین منہاس سنیارٹی میں سب سے آخری 12ویں نمبر ہوں گے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفرازڈوگر، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمدآصف اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل جج ہوں گے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا تھا جس پر صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کل یکم جولائی کوطلب کرلیا گیا۔ ہائیکورٹ کے 3 سینئر ججزجسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن میں سے کسی ایک کے نام کی منظوری دی جائیگی۔