اصلاحاتی پیکیج سے بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر ہو گی، طارق حلیم
اداروں کے باہمی تعاون سے کارگو ڈویل ٹائم کم ہوگا ،سابق چیئرمین شپ ایجنٹس
کراچی (این این آئی)پاکستان شپ ایجنٹس ایسوسی ایشن (پی ایس اے اے )کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر،ممبر کورکمیٹی یونائٹیڈ بزنس گروپ طارق حلیم نے وفاقی حکومت کی جا نب سے بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی پیکیج کے حوالے سے کہا کہ اصلاحاتی پیکیج سے بندرگاہوں سے منسلک مختلف اداروں کے درمیان تعاون مزید بہتر ہوگا اورکارگو کا ڈویل ٹائم کم سے کم ہو سکے گا۔
طارق حلیم نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ جامع اصلاحات پیکیج کومتعارف کرانے کا مقصد پاکستان کی بندرگاہوں میں نظام کو بہتر بنانا، کارگو میں تاخیر کم کرنا، کاروباری لاگت گھٹانا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے ،یہ اصلاحات ہم آہنگی، انفرااسٹرکچر اور شفافیت جیسے اہم پہلوؤں پر مشتمل ہیں، جن کے ذریعے ملک کے تجارتی لاجسٹکس نظام کو مؤثر بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی مسابقت بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔