معاشی بحالی میں بینکاری شعبہ کلیدی کردار ادا کر رہا ،ظفر مسعود
تجارتی بینکوں نے نجی شعبے کو تقریباً 1.5 کھرب روپے کے قرض فراہم کئے ڈپازٹس کی مالیت 35.1کھرب تک پہنچ چکی ، چیئرمین بینکس ایسوسی ایشن
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی جانب معاشی بحالی میں بینکاری کے شعبے کے مضبوط کردار کو اجاگر کیا گیا اور موجودہ مالی سال کے دوران نجی شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں میں ریکارڈ اضافے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق تجارتی بینکوں نے اب تک موجودہ مالی سال کے دوران نجی شعبے کو تقریباً 1.5 کھرب روپے کے قرض فراہم کیے جس کے نتیجے میں نجی شعبہ کی سیالیت میں نمایاں اضافہ ہوا اور بڑے پیمانے کی صنعت میں ترقی کی شرح 8.33 فیصد تک پہنچ گئی ۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود نے کہا کہ تازہ ترین اعداد و شمار ایک واضح بنیادی معاشی حقیقت کو ظاہر کرتے ہیں کہ جب حکومتی قرضوں کے حصول میں کمی واقع ہوتی ہے تو بینک فوری اور مؤثر انداز میں کاروبار، صنعت اور زراعت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
بینکاری شعبے نے کامیابی کے ساتھ مالیاتی سیالیت کو حکومتی قرضوں سے پیداواری نجی معیشت کی جانب منتقل کیا ہے اور اسطرح موجودہ صنعتی بحالی کے لیے بنیادی محرک کا کردار ادا کیا ہے بینکاری کا شعبہ انتہائی سیال اور عمدہ دستیاب سرمائے کا حامل ہے جہاں ڈپازٹس کی مالیت 35.1 کھرب روپے تک پہنچ چکی ہے ۔ ایسوسی ایشن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قرضوں میں موجودہ اضافہ کوئی غیرمعمولی واقعہ نہیں بلکہ اس بات کی عکاسی ہے کہ جب اسٹرکچرل خرابیاں خصوصاً حکومت کی جانب سے اندرونی ڈپازٹس پر حد سے زیادہ انحصارکم ہو جائیں تو بینکاری کا شعبہ کس حد تک مؤثر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔