اپٹما کا بجلی اورگیس کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ

اپٹما کا بجلی اورگیس کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ

ٹیکسٹائل مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ بہتر مقابلہ کرسکیں گی،وائس چیئرمین

لاہور (آئی این پی )آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگر گیس اور بجلی کی قیمتیں کم کر دی جائیں تو پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مقابلہ کر سکتی ہیں۔ اس وقت زیادہ توانائی قیمتوں اور بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ اپٹما کے وائس چیئرمین را عبدالباسط نے ویلتھ پاکستان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کی غیر یقینی فراہمی اور مہنگی بجلی و گیس کی وجہ سے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات، خاص طور پر بنگلہ دیش، بھارت اور ویتنام کی مصنوعات کے مقابلے میں مہنگی پڑتی ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے اکتوبر میں کیے گئے اعلان کے مطابق صنعت کو بجلی 9 امریکی سینٹ (تقریبا 23 روپے ) فی یونٹ فراہم کی جائے ،اس وقت بجلی کی قیمت تقریبا 12 امریکی سینٹ (تقریبا 34 روپے ) فی یونٹ ہے جو صنعت کیلئے بہت زیادہ ہے ۔ وائس چیئرمین نے کہا کہ وزیرِاعظم کے اعلان کو دو ماہ گزرنے کے باوجود اس پیکیج پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ کیمیکلز اور رنگوں سمیت درآمدی خام مال کی قیمتوں میں اضافے نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں