ایران سے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق : اسحاق ڈار

ایران سے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق : اسحاق ڈار

اسلام آباد(نامہ نگار،وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اقتصادی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے، حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔۔۔

 پاکستان کے زرعی وصنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں،پاکستان اور ایران نے آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر اتفاق کیا ہے جو ہمارے تجارتی رابطوں میں اضافہ کرے گا۔ پاکستان ایران کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے حوالہ سے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے، ہماری باہمی تجارت میں اضافہ ہورہا ہے لیکن یہ استعداد سے کم ہے ۔ دونوں ممالک اپنے معاشی مستقبل کی بہتری کیلئے نئے مواقع تلاش کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی معیشت اور عوام کی ترقی ہوسکے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دو روزہ سرکاری دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں گزشتہ رو ز پاکستان ایران بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہماری پالیسی کا جزو ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارت 10 ارب تک لے جانا چاہتے ہیں، سمندری اور زمینی راستوں کی ترقی وقت کی ضرورت ہے ، فری اکنامک زون دونوں ملکوں کیلئے ضروری ہے ۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی مہمان صدر سے ملاقات بھی کی اورمشترکہ تاریخ، مشترکہ ثقافتی ورثے ، عقیدے اور باہمی احترام میں ان کی مضبوط بنیادوں پر زور دیتے ہوئے ایران کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کیلئے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں