عوام آج فتنہ و فساد کی سیاست کو مکمل مسترد کرینگے : عظمیٰ بخاری

 عوام آج فتنہ و فساد کی سیاست کو مکمل مسترد کرینگے : عظمیٰ بخاری

لاہور(صباح نیوز،آئی این پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اب سیاسی جماعت نہیں رہی بلکہ ایک فاشسٹ گروہ بن چکی، آج 5 اگست کو پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے فتنہ و فساد کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایرانی صدر کی لاہور آمد ایک تاریخی موقع تھا مگر مخصوص طبقہ ہر قومی و بین الاقوامی ایونٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتا ہے ، پوری قوم آج (منگل کو ) یوم استحصال کشمیر منائے گی، سفارتی سطح پر کشمیریوں کی ہر اخلاقی مدد کریں ،پہلے بھی ان کی جانب سے کئی بار احتجاج کی کالز دی گئیں جو ناکام ہو گئیں،ریاست کے خلاف گوریلا جنگ کی بات کرنیوالے سے ریاست کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آج بانی کے بیٹے دوبارہ امریکا کے دورے پر جا رہے ہیں ، اب حالت یہ ہے کہ ضمنی انتخابات سے بھی بھاگ گئے ہیں،9 مئی وہ واقعہ ہے جس کی معافی نہیں ہو سکتی ورنہ ہر روز ملک میں ایسے واقعات ہوں ، کیا فتنہ و فساد پارٹی نام کی رکاوٹ سے جان چھڑائے بغیر پاکستان کو آگے لے جایا جا سکتا ہے ؟۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوے سے زائد منصوبے شروع کئے اور ترقی کا سفر جاری ہے ،پنجاب میں اینٹی سموگ گنز پہنچا دی گئی ہیں جن میں سے 15 لاہور میں موجود ہیں ،عوام آج 5 اگست کو بھرپور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور واضح پیغام دیں کہ پاکستان میں فتنہ پروری کی گنجائش نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں