نئے اسرائیلی حملے کا امکان موجود، مکمل تیار ہیں : ایران
ماسکو(نیوز ایجنسیاں)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران نئے اسرائیلی حملے کے امکان کو مسترد نہیں کرتا اور اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، بلکہ ماضی سے بھی زیادہ تیار ہیں۔
عراقچی نے ماسکو میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ایران جنگ کا خیرمقدم تو نہیں کرتا، لیکن اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے کیونکہ جنگ کو روکنے کا بہترین طریقہ اس کیلئے تیار ہونا ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا 12 روزہ جنگ میں جو نقصان ہوا تھا وہ اب دوبارہ تعمیر ہو چکا ہے اور کوئی بھی نیا حملہ اس ناکام تجربے کی طرح ہی ثابت ہوگا۔واضح رہے امریکی میڈیا نے اس بارے میں خبر دی تھی کہ اسرائیلی حکام کا ماننا ہے کہ ایران بیلسٹک میزائل بنانے کا پروگرام تیار کر رہا ہے اور اسی لیے وہ ٹرمپ کو ایران پر دوبارہ حملے کے اختیارات دینے پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل یورینیم افزودگی کی تنصیبات کی دوبارہ تعمیر کے بارے میں فکر مند ہے جو امریکی حملے کا نشانہ بنی تھیں، لیکن ان کی فوری تشویش میزائل پروگرام اور فضائی دفاع کی دوبارہ تعمیر ہے جو 12 روزہ جنگ میں تقریباً ٍ ٍناکارہ ہو گئی تھی۔ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات نو جنوری کو ٹرمپ کے فلوریڈا ریزورٹ میں متوقع ہے۔