پنجاب سیاحتی مرکز ،غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے:مریم نواز

پنجاب  سیاحتی  مرکز ،غیر  ملکی  سرمایہ  کاری  کی  حوصلہ  افزائی  کر  رہے:مریم  نواز

ماریشس کے سفیر کی وزیراعلیٰ سے ملاقات ،تعلیم، سیاحت اور دیگرشعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کر رہے ،کھلاڑیوں کی انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے معاونت کی جائیگی

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز ہے ،سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ،ماریشس کے لئے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات مزید بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ جمہوریہ ماریشس کے سفیر منسو کرمباکس نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سے  ملاقات کی،ملاقات میں تعلقات، تعلیم، سیاحت، زراعت اور عوامی تبادلوں کے شعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا،دونوں رہنماؤں نے حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا۔مریم نواز نے کہاکہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ انسانی سرمائے کی ترقی، بالخصوص اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ زراعت، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور لائٹ انجینئرنگ جیسے شعبوں میں تجارت کی وسیع صلاحیت موجود ہے ۔

حالیہ برسوں میں پاکستان اور ماریشس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ہے ۔ اندرون لاہور، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈن، نور محل اور دیگرمذہبی سیاحتی مقامات بھی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔سفیر منسو کرمباکس نے کہاکہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کا حقیقی مثبت تشخص دنیا کے سامنے لائیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے باسکٹ بال کے عالمی دن پراپنے پیغام میں باسکٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومتی عزم کا اظہار کیا اورکہاکہ پنجاب میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں اور کھلاڑیوں کی انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے معاونت کی جائیگی جس کیلئے فنڈ بڑھا کر 2 سے 4 ارب روپے کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا سپورٹس فیسٹیول بحال اور ہریونین کونسل میں کھیلوں کے مقابلے اور پنجاب لیگ شروع کرینگے ، سپورٹس ایڈوائزری کونسل میں 10 یونیورسٹی کے طلبہ بھی ممبر ہوں گے ، کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچ بھی لائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں