بلدیاتی ایکٹ نامنظور،جماعت اسلامی کے مظاہرے:15جنوری کو عوامی ریفرنڈم کا اعلان
راولپنڈی، لاہورسمیت دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ،اسمبلیوں کے گھیرائو ، دھرنوں کی دھمکی انتظامی اور مالیاتی اختیارات عوامی نمائندوں کو د ئیے جائیں ، حافظ نعیم الرحمن دیگر کا لیاقت باغ میں خطاب
راولپنڈی، لاہور (خصوصی نامہ نگار ،دنیا نیوز،سیاسی نمائندہ )جماعت اسلامی کے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف ملک گیر مظاہرے ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ د ئیے جانے کے خلاف 15 جنوری کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا ، ریفرنڈم کے پینل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرینگے ، نتائج سے ملک دنیا کو آگاہ کیا جائے گا، ریفرنڈم میں عوامی رائے کے ذریعے مینڈیٹ لینے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیوں کی طرف مارچ اور عوامی حقوق کیلئے دھرنے دیں گے ، حکمرانوں کے کالے کرتوت ،بلدیات کا کالا قانون کسی صورت منظور نہیں، یہ عوام کے حق اوراختیار کی تحریک ہے اسے جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی راولپنڈی کے زیر اہتمام لیاقت باغ میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دھرنے سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، سیکرٹری جنرل اقبال خان، امیرجماعت اسلامی راولپنڈی سیدعارف شاہ شیرازی اور رضااحمد شاہ، عثمان آکاش دیگر نے خطاب کیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں ،پورے پنجاب سے لوگوں کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی کال دیں گے ، غیر جماعتی الیکشن کرنے کا گھناؤنا منصوبہ بنایا گیا جو ہارس ٹریڈنگ سینیٹ قومی و صوبائی اسمبلی میں کی جاتی ہے وہ ہر گلی محلہ میں کرنے کا منصوبہ ہے ، ہم اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے ، این ایف سی ایوارڈ کے نام پر نورا کشتی چل رہی ہے ، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کو بیوقوف بنارہی ہیں ، غریبوں پرٹیکس لگتے ہیں اور مراعات یافتہ طبقہ مزے کررہا ہے ،یہ گلا سڑا نظام فوجی ڈکٹیٹروں اور ان کی گود میں پلنے والے حکمرانوں نے بنایا ، جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام بھی بلدیاتی ایکٹ 2025ء کے خلاف پریس کلب لاہور کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری دیگر نے شرکاء دھرنا سے خطاب کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا بلدیاتی ایکٹ 2025ء میں عوامی نمائندوں کے اختیارات ختم کر کے بیوروکریسی کو بااختیار بنایا گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ بلدیاتی ایکٹ میں انتظامی اور مالیاتی اختیارات عوامی نمائندوں کو د ئیے جائیں اور مقررہ وقت پر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں ، پنجاب حکومت نمائشی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے مگر بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے ، پنجاب کے عوام کو آزاد، بااختیار اور مضبوط بلدیاتی نظام چا ہئے ، موجودہ ، لو لا لنگڑا نظام قابل قبول نہیں ، اگر مطالبات منظور نہ کئے گئے تو پنجاب اسمبلی اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے بھی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور کالے بلدیاتی قانون کو تبدیل کئے بغیر جماعت اسلامی گھروں میں نہیں بیٹھے گی ،سوات میں بھی جماعت اسلامی نے بااختیار بلدیاتی نظام، بلدیاتی نمائندوں کو مالی وسائل، آئینی اختیارات اور تحفظ کی فراہمی کے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کیا،جس میں کارکنان، بلدیاتی نمائندے اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے ،ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان کررہے تھے ، اس موقع پر سیدوشریف سے مینگورہ تک ریلی نکالی گئی ۔