فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی خبریں جھوٹ : ترجمان پاک فوج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر بننے کی خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے برطانوی جریدے ’’دی اکانومسٹ‘‘ کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی باتیں مکمل بے بنیاد ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے معرکہ حق کے بعد سیاسی تجزیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں کا مقصد صرف غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔ دی اکانومسٹ کے اس سوال پر کہ پاکستان، بھارتی فوجی کارروائی پر کیا ردعمل دے گا؟، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم اس بار بھارت کے مشرق سے آغاز کریں گے ، شروعات بھارت کے اندر گہرائی سے حملہ کرنے سے ہوگی،بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے وہ بھی ہر جگہ مارے جاسکتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مودی کے دہشت گردانہ حملوں کا فوجی کارروائی سے جواب دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ حملے کو سنجیدگی سے لے گا اور اس کا جواب بھرپور اور مؤثر فوجی کارروائی کے ذریعے دیا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارت کے مشرقی علاقے جیسے کولکتہ، جمشید پور، رانچی، بوکارو، راورکیلا، بھوبنیشور اور پٹنہ اس کی معیشت کے اہم ترین مراکز ہیں، یہ علاقے صنعتی، تجارتی، توانائی، بندرگاہی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکز ہیں اور بھارت کی اقتصادی قوت میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔بھارت کے ان مشرقی علاقوں میں مودی کے پسندیدہ کھرب پتی گوتم ادانی اور مکیش امبانی کی مختلف بزنس کی مہنگی فیکٹریاں ہیں اور ٹیکنالوجی کے ڈیٹا سینٹرز ہیں جنکو اگر نقصان پہنچتا ہے تو ہندوستان کو دنوں میں اربوں ڈالرز کا نقصان ہوگا۔اگر پاکستان کسی ممکنہ جنگ میں ان اقتصادی مراکز کو نشانہ بناتا ہے تو یہ محض سرحدی جھڑپ نہیں بلکہ بھارت کے اندر گہرائی تک حملہ تصور ہوگا۔