ایک سال میں پی آئی اے سمیت10اداروں کی نجکاری ،فہرست قومی اسمبلی میں پیش

ایک سال میں پی آئی اے سمیت10اداروں کی نجکاری ،فہرست قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایک سال میں پی آئی اے سمیت 10 اداروں کی نجکاری کی جائیگی۔وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان نے فہرست اور تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ ، روز ویلٹ ہوٹل نیویارک ، فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ ،ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، پاکستان انجینئرنگ کمپنی سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ ،فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری ہو گی ، دوسرے مرحلے میں پاکستان ری-انشورنس کمپنی لمیٹڈ، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ،یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ، سینٹرل پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ ،ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ ،ملتان الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ،حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کی جائے گی،علیم خان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک سال میں 10، دوسرے مرحلے میں ایک سے تین سال میں 13 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، ایک ادارے کی نجکاری کے لئے تین سے پانچ سال کا آخری مرحلہ شامل ہے ۔

ایوان کو بتایا گیا کہ پاکستان کے قدرتی وسائل تانبے کے شعبے میں امریکا نے سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کر دی ، وزارت تجارت نے تحریری تفصیلات میں بتا یا تانبے کے ذخائر عالمی تجارت میں پاکستان کے تجارتی خسارے کو نمایاں حد تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،فی الوقت پاکستان زیادہ تر تانبے کی کچھ دھاتیں چین کو برآمد کرتا ہے ،امریکا نے تانبے ، لوہے ، فولاد، ایلومینیم کی درآمد پر 50 فیصد محصولات عائد کیے ہیں،ریفائن کردہ تانبے کو اس 50 فیصد سے مستثنٰی قرار دیا گیا ہے ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ امریکا سے معاہدے کے بعد پاکستان کو جنوبی ایشیا میں سب سے کم 19فیصد ٹیرف ملا ہے ، اس سے ایکسپورٹ بڑھے گی۔ امریکی ٹیرف عائد ہونے سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کے نقصان کی تردید کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ امریکا سے تعلقات وزیراعظم کی کوششوں کے سبب بہتر ہوئے ۔ٹیرف میں کمی کے بعد امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوگا۔  

اسلام آباد(نامہ نگار، نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک بار  پھر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا پختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دینگے ،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ سابق سپیکر اسد قیصر نے نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا میں اس ہاؤس کا کسٹوڈین رہا ہوں کچھ لحاظ رکھا جائے ،میں یہاں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت دیگر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی ملک کا مقبول لیڈر ہے ، اسمبلی کو ربڑ سٹمپ بنادیا گیا ہے ،ہم اپنے صوبے میں کسی طرح کا آپریشن نہیں ہونے دیں گے ہم امن چاہتے ہیں، آپ کا اتنا بڑا چینی سکینڈل آیا چینی آپ نے ایکسپورٹ کیوں کی، پھر امپورٹ کی ضرورت کیوں پیش آئی اس کے لئے جوڈیشل انکوائری مقرر کی جائے ، جوڈیشل کمیشن بنائیں جو ذمہ داروں کا تعین کرے ۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہاکچھ عرصہ قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے جو کچھ کیا اس سے بھی عدلیہ کی توقیر کم ہوئی، آج بھی یہی کچھ ہو رہا ہے ۔پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا حکومت نے زائرین پر زمینی سفر پر پابندی لگائی ہے جبکہ دو لاکھ ایسے بھی زائرین بھی ہیں جو ہوائی سفر کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے ہیں ان کو سبسڈائزڈ پروازوں سے وہاں پہنچایا جائے ۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن اسمبلی عالیہ کامران نے چینی بحران پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ 55 روپے میں ملنے والی چینی 180، 190 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ وزیراعظم کو ایوان میں آنا چاہئے تھا،اس معاملے پر کوئی کمیشن بننا چاہئے ۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے جواب دیتے ہوئے کہا میں زائرین سے بات چیت کے لئے کراچی جارہا ہوں، کچھ نکات پر ہم قریب آئے ہیں، حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ اس سفر کو ممکن اور آسان بنایا جائے ۔

احتجاج ہر ایک کا حق ہے ، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ایک درخواست ڈاک سے پہنچی، اسلام آباد میں 100 سے کم لوگ نکلے ، پنجاب میں 954 لوگ نکلے ، اسلام آباد میں کسی ممبر کو ہم نے ٹچ نہیں کیا، راستے کھلے تھے ، گیٹ کھلے تھے ۔ بار بار کہتے ہیں بڑا پاپولر لیڈر ہے ،پاپولر ہونے کا مطلب بے گناہی نہیں، شیطان بہت مقبول ہے ، وہ فرشتہ نہیں بن سکتا، 9 مئی کس نے کیا، سب کو پتہ ہے ، پی ٹی آئی نے کیا، سابق سپیکر نے کہا کوئی آپریشن نہیں ہونے دیں گے ، کوئی نیا آپریشن نہیں ہو رہا ، جو وزیر اعلیٰ بھتہ دیں وہ کیا لڑیں گے ، آپ کس کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردوں کے ساتھ یا پاکستان کے ساتھ ؟آپ دہشتگردوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر ہونے والی کارروائی کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہادہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے خیبر پختونخوا کو باقاعدہ فنڈز دئیے جارہے ہیں، اس ہائوس سے یہ عزم ہونا چاہیے کہ ہمیں دہشت گردی سے پاک پاکستان چاہیے اور اس کے لئے ہم سب کو قربانی دینا ہوگی۔قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں