پرتگال، حاضر سروس بیوروکریٹس نے بھی سرمایہ کاری کی :عطاتارڑ

 پرتگال، حاضر سروس بیوروکریٹس نے بھی سرمایہ کاری کی :عطاتارڑ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ خواجہ آصف نے درست کہا پرتگال میں بہت سارے بیوروکریٹس نے انویسٹمنٹ کی، ان میں حاضر سروس بیوروکریٹس بھی شامل ہیں۔ پرتگال والے معاملے میں بہت سارے لوگوں کے نام آئے ہیں، اس کی تفصیلات ابھی قبل از وقت دینا مناسب نہیں ہو گا۔

 پرتگال معاملے کی تحقیقات کے بعد عوام کے سامنے تفصیلات آئیں گی۔ضمنی الیکشن میں بائیکاٹ کرکے تحریک انصاف اپنا نقصان کرے گی، سیاسی میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا جاتا۔ 9 مئی کے واقعات پر کسی کو معاف نہیں کیا جا سکتا، ٹرائل اور شواہد کے بعد نااہلیاں ہوئی ہیں۔ تحریک انصاف اندرونی انتشار کا شکار ہے ، تحریک انصاف کے اندر گروپنگ ہے ، جب اتنے گروپس ہوں گے تو پھر پارٹی پالیسی واضح نہیں ہوتی اور لوگ کنفیوژن کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کے پاس سٹریٹ پاور نہیں اور لوگ نکل نہیں رہے ، تحریک انصاف کے تمام احتجاج بری طرح ناکام ہوئے ۔14 اگست کو احتجاج کا اعلان بڑا افسوس ناک ہے ، 15 اگست کو احتجاج کریں تاکہ بھارت کو پیغام جائے ۔ بانی پی ٹی آئی میگا کرپشن سکینڈل کی وجہ سے جیل میں ہیں، انہوں نے بزنس ٹائیکون سے اربوں روپے کا فائدہ لیا ہے ، تحریک انصاف کے ساتھ پارلیمان کے اندر بات چیت ہونی چاہیے ، ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی، انہوں نے راہ فرار اختیار کی۔خواجہ آصف کے استعفے سے متعلق پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے ، اے ڈی سی آر انتظامی معاملہ ہے ، حقائق سامنے آ جائیں گے ۔ پنجاب اینٹی کرپشن اس حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے ، پنجاب اور مرکز کے معاملات ہم آہنگی کے ساتھ چل رہے ہیں، خواجہ آصف سینئر سیاست دان ہیں۔ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے ساتھ کوئی باہر نکلنا نہیں چاہتا۔ تحریک کے حوالے سے مسلسل جدوجہد کرنا ہو گی، معلوم تھا کہ پانچ اگست کا نتیجہ بھی مایوس کن ہو گا۔ سوشل میڈیا پر مجھے نو ماہ سے گالیاں دی جا رہی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلائی جا رہی ہے ، علیمہ خان نے آج پھر میرے خلاف بیانات دئیے ۔ جب میرے خلاف بیانات دیں گے تو میں کیسے خاموش رہوں گا؟ پلانٹ کیے جانے کا بیانیہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کی وجہ سے ہے ، آج پارلیمانی پارٹی نے بھی کہا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں