گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کئے جائیں:شہباز شریف

 گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کئے جائیں:شہباز شریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ،گوادر کے پانی اوربجلی کے مسائل حل کئے جائیں ،اس کیلئے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز گوادر میں پانی کی قلت پراجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اورگوادر کے آبی مسائل ، چیلنجز اور جاری اقدامات پر بریفنگ میں بتایا کہ خضدار سے گوادر قومی گرڈ لائن کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث وولٹیج مستحکم نہیں رہتا، گرڈ لائن کا ازسرِنو جائزہ لے کر ضروری اصلاحات کی جائیں ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن، منصوبہ بندی کمیشن اور متعلقہ سیکرٹریز 15 اگست کو گوادر پہنچیں ، خضدار تا گوادر نیشنل گرڈ لائن کا ازسرِنو جائزہ لے کر ضروری اصلاحات کی جائیں۔ قبل ازیں وزیراعظم سے صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی ۔شہبازشریف کا ملاقات کے دوران کہناتھاکہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔

وزیراعظم نے اپنی ایک ایکس پوسٹ میں کہاکہ پاکستان جمہوریہ آذربائیجان اور جمہوریہ آرمینیا کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سرپرستی میں وائٹ ہاؤس سمٹ میں تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے ، پاکستان ہمیشہ آذر بائیجان کی برادر قوم کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم تاریخ کے اس قابل فخر لمحے میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک معاہدے تک پہنچنے میں امریکا کے سہولت کار کردار کی بھی تعریف کرتے ہیں جو تجارت، رابطے اور علاقائی انضمام کی نئی راہیں کھولتا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں 27سے 30اکتوبرکو ہونے والے نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم میں شرکت کیلئے دعوت قبول کرلی۔ شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کرکے فورم میں شرکت کیلئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دستخط شدہ دعوت نامہ پیش کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں