9مئی:2اور کیسز کا ٹرائل مکمل،فیصلہ کل سنایا جائیگا:عمر ایوب کی عبوری ضمانتیں خارج

9مئی:2اور کیسز  کا  ٹرائل  مکمل،فیصلہ  کل  سنایا  جائیگا:عمر  ایوب  کی  عبوری  ضمانتیں خارج

لاہور،اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9مئی کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان نذر آتش کیسز کے مقدمات کا جیل ٹرائل مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوٖظ کرلیا۔

جو کل 11اگست کو سنایاجائے گا جبکہ جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی گئیں ۔سپریم کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی اپیلیں 12اگست کو سماعت کیلئے مقررکردی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان نذر آتش کیسز کے مقدمات کی سماعت کی ،وکلاصفائی نے 65سرکاری گواہوں پر جرح مکمل کرلی جبکہ ملزموں کے صفائی بیانات کے بعد حتمی دلائل بھی مکمل ہوگئے ۔ شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،عالیہ حمزہ اورصنم جاوید سمیت ایک مقدمے میں 19اوردوسرے میں 25ملزموں کا ٹرائل ہوا ۔ان مقدمات میں 25ملزم گرفتاراور15اشتہاری ہیں جبکہ ایک ملزم کا انتقال ہوچکاہے ۔

عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیں ، ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔ جج منظر علی گل نے دورانِ سماعت عمر ایوب کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں ملزم کی باقاعدہ پیشی نہ ہونا کارروائی پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمات کی تازہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ،چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 3 رکنی بینچ 12 اگست کو سماعت کرے گا۔سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں مقررہ سماعت نہ ہو سکی۔ عدالتی عملے کے مطابق آئندہ سماعت 15 اگست کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں