بلوچستان:سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن ،دوسرے روز مزید14خوارج ہلاک
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کی تحصیل سمبازہ میں آپریشن کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج کو ڈھونڈ کر کامیابی سے ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی فورسز نے ایک روز قبل فتنۂ الخوارج کے 33 دہشت گرد ہلاک کر دئیے تھے ، گزشتہ روز کی کارروائی کے بعد ہلاک خوارج کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 8 اور 9 اگست کی شب پاک افغان سرحد کے قریب سمبازہ میں دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ اس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج ٹریس کر کے ہلاک کر دئیے گئے ۔ کلیئرنس آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دو روزہ آپریشن میں ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی۔ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے پاک سرزمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دو روز میں 47 دہشت گردوں کا صفایا سکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ فتنۂ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ پھیلانے میں ملوث بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ سکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن کر کے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔ فتنۂ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔