آرمی راکٹ فورس کمانڈ قائم : وزیراعظم کی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت

آرمی راکٹ فورس کمانڈ قائم : وزیراعظم کی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈقائم کرنے کا اعلان کردیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دے دی۔وفاقی دارالحکومت کے جناح سپورٹس گراؤنڈ میں 78ویں جشن آزادی کی مرکزی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا آپ سب کو آج یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن کی طویل تاریخ ہے۔

یہ صرف آزادی کی نہیں دو قومی نظرئیے کی جنگ تھی، اس عظیم دن پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، قائداعظمؒ ، علامہ اقبالؒ سمیت تحریک پاکستان کے کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہم نے اس جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے ،10 مئی کو پاکستانی ایک نئی قوم بن کر سامنے آئے ، بھارت نے جھوٹے الزامات کا سہارا لے کر ہم پر حملہ کیا ، بھارت کو اپنی طاقت پر بہت گھمنڈ تھا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ میں بہترین حکمت عملی اپنائی، معرکہ حق کے چار دن کے اندر پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا تھا، بھارت کی آنے والی نسلیں اِس شکست کو یاد رکھیں گی ۔معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح میں دوست ممالک کا بھی کردار ہے ، چین ،ترکیہ اور سعودی عرب نے جنگ کے دوران ہمارے موقف کی کھل کر تائید کی، جنگ بندی میں ٹھوس اورمثبت قرار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔معرکہ حق نے ثابت کیا ہم اپنے ملک کا صحیح دفاع کررہے ہیں، ہماری ایٹمی قوت کسی جارحیت کی عکاس نہیں، میں یہ بھی امید کرتا ہوں کہ ٹرمپ فلسطین اور کشمیر کا بھی مسئلہ حل کرائیں گے ۔ پاکستان معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،ہمارے اوپر قرضوں کا بوجھ بھی آدھا ہو چکا ہے ، پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے بغاوت کا نہیں ، تنقید کا حق ہے توہین کا نہیں ہے ۔

آج کے عظیم دن پرتمام جماعتوں کومیثاق پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں سب کو احتجاج کا حق ہے ، جلاؤ گھیراؤ کا نہیں۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی شریک ہوئیں، تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری بھی موجود تھے ۔جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ایئر چیف سمیت دوست ملکوں کے سفرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا، حاضرین نے کھڑے ہو کر قومی پرچم کو سلامی دی۔

معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں آذربائیجان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی شرکت کی اور شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔ آج ہم اپنے عظیم قائد، قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی کاوشوں اور قربانیوں نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے ۔ یہ کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے ۔ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا۔ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے ، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔یہ فتح ہمارے عوام کے لیے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے ۔ اس نے قوم کے حوصلے بلند کیے ، اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا اور پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا۔ آج دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔ لیکن یہ لمحہ صرف عسکری کامیابی نہیں، بلکہ اس امر کی بھی یاددہانی کراتا ہے کہ جب ہم متحد، یکسو اور ایک مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہم ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

اب ہمیں اسی جذبے کو اپنی معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب لگانا ہوگا۔ یہی نظم، جرات اور حکمت جو بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی، ہمیں غربت کے خاتمے ، عوام کے لیے مواقع پیدا کرنے اور ایک منصفانہ اور ہمہ گیر معاشرہ قائم کرنے میں بھی کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے ۔اس دن ہم بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں۔ ان کی جرات، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے ۔ پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیروں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔آئیے اس یومِ آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک ایسے پاکستان کے لیے متحد ہوں جو انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر قائم ہو۔خیال رہے پاکستان کا یوم آزادی آج بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے ، ملک بھر میں آج عام تعطیل ہوگی ،رات 12 بجتے ہی منچلے سڑکوں پر نکل آئے ، کراچی، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کرکے 14 اگست کا استقبال کیا گیا، شہریوں نے اپنے گلی محلوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجایا ہوا ہے ، سرکاری دفاتر پر رنگ برنگی لائٹس اور سبز ہلالی پرچم لگائے گئے ہیں۔ یوم آزادی کے سلسلے میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں دفاعی سازوسامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے ،شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کو صبح10بجے شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا،نمائش میں معرکہ حق کے دوران استعمال کیے گئے مختلف جنگی ہتھیار، طیارے ، ٹینک اور دیگر فوجی ساز و سامان شامل ہے ۔

نمائش میں توپوں ،راکٹ لانچر وہیکلز ، جنگی سامان بردار اور بکتر بند گاڑیاں،ریڈارز بھی نمائش کا حصہ ہوں گے ،فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ بھی ہوگا ،مختلف سٹالز، ثقافتی پروگرامز اور فوجی بینڈز بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔بینڈز ملی نغموں کی دھنوں پر عوام کا جذبہ حب الوطنی ابھاریں گے ۔ لاہور میں سرکاری سطح پر یوم آزادی کی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں ، حضوری باغ ہو یا مینار پاکستان یا دوسرے عوامی تفریحی مقامات، ہر جگہ 14 اگست کے انتظامات کی جھلک نظر آرہی ہے ۔ادھر قومی اسمبلی نے یوم آزادی پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل کی طرف سے پیش کی گئی قراردا د کو متفقہ طور پر منظور کر لیا، قرارداد میں ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا ہے ،جبکہ معرکہ حق میں بھارت کی بلااشتعال فوجی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کامیابی کوبھی سراہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں