ترقی اور جدیدیت کا ہدف ملکر حاصل کرینگے : پاکستان اب بیرونی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کرسکتا ہے : چینی سفیر

ترقی اور جدیدیت کا ہدف ملکر حاصل کرینگے : پاکستان اب بیرونی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کرسکتا ہے : چینی سفیر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے سکیورٹی کے مسائل تعاون کے فروغ کے ساتھ بتدریج حل ہو جائیں گے، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مضبوط کارروائی کی ہمیشہ حمایت کی ہے، پاکستان اب بیرونی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان کا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم ہے ، ترقی کے دوران آنے والے مسائل کا حل مزید ترقی میں ہے ،حالیہ عرصے میں پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کا وژن صرف اور صرف کام کرنا ہے ۔ اسی جذبے سے پاکستان کی معیشت اور معاشرت میں نمایاں بہتری آئی ، جب میں آیا تو پاکستان کی جی ڈی پی منفی شرح پر تھی، گزشتہ مالی سال کے اختتام پر جی ڈی پی کی شرح نمو 2.68 فیصد ہو گئی، پاکستان میں سی پی آئی 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد پر آ گئی ہے ،زرمبادلہ ذخائر 9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 20 ارب ڈالر سے زائد ہو گئے ، پاکستان کی معیشت میں بہتری اور عوامی زندگی میں دباؤ کم ہو رہا ہے ۔ اعداد و شمار میں یہ تبدیلی پاکستان کی ترقی کی صلاحیت میں اضافہ ظاہر کرتی ہے ، معاشی طاقت بڑھنے سے سٹریٹجک آزادی بھی مضبوط ہوتی ہے ۔ پاکستان اب بیرونی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکتا ہے ، پاکستانی عوام اس تبدیلی کو گہرائی سے محسوس کر رہے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا ملک کی ترقی اور خوشحالی کی تقدیر اپنے ہاتھ میں رکھنی چاہیے ، پاکستان اور چین کی قیادت کے ترقیاتی وژن میں مکمل ہم آہنگی ہے ۔ دونوں ممالک کے یکساں وژن سے ترقی کا رخ واضح ہے ، دونوں ممالک کی ترقی کے ساتھ انفراسٹرکچر کی تعمیر بھی اہم ہے ۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ہم اکیلے جدیدیت نہیں چاہتے ، ہم دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر جدیدیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا چین اور پاکستان مل کر ترقی اور جدیدیت کا ہدف حاصل کریں گے ، پاکستان کا ترقیاتی منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ سے مکمل ہم آہنگ ہو سکتا ہے ، یہ ہم آہنگی پاک چین اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے لیے نئی قوت فراہم کرے گی۔ زراعت پاکستان کا روایتی اور مضبوط شعبہ ہے ، پاکستان کے پاس وافر زرعی وسائل موجود ہیں۔ پاکستان کی چین کو برآمدات میں زراعت واحد شعبہ ہے جس میں تجارتی سرپلس ہے ، گوادر میں ماہی گیری کے مسائل سے آگاہ ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا سی پیک پورے پاکستان خاص طور پر بلوچستان کی خوشحالی کی کنجی ہے ، سی پیک سے متعلق منفی تاثرات کو مسترد کرتے ہیں، اس منصوبے سے زراعت، تعلیم، کاروبار اور تمام شعبوں میں فائدہ ہوگا، چین نے پاکستان کو سپورٹ کیا اور ہمارے ساتھ کھڑا رہا، پہلی بار ایسا ہے کہ پاکستان کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں،اگر کوئی بھی ایشوز ہیں تو ان پر بات کی جاسکتی ہے ، پاکستان کے تمام سکیورٹی اورآئینی ادارے محفوظ بھی ہیں اور ایک پیج پر بھی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں