چین سے شراکت داری مزید بلندیوں پر لے جائینگے : مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)چینی ٹیکسٹائل گروپ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ایم او یو پر دستخط کردئیے، بینک آف پنجاب اور چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈکے درمیان معاہدے کے تحت چین کے بڑے ٹیکسٹائل کاروباری اداروں میں شامل چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150ملین ڈالر(15کروڑ)سرمایہ کاری کرے گا،100 ایکڑ پر جدید ترین سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔۔۔
چینی گروپ پنجاب میں ماہانہ 6ملین میٹر فیبرک استعمال کرکے 2سے 8 ملین گارمنٹس پروڈکشن کرے گا،پنجاب میں پاکستان کی سب سے بڑی ایڈوانس اور جدید ترین ٹیکسٹائل انڈسٹری لگائی جائے گی۔چیلنج گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس ایکسپورٹ کرے گا،8ماہ میں 18ہزار اور5 سال میں25 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی۔ گروپ گارمنٹ کی تیاری کے لئے خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرے گا،پراجیکٹ سے سالانہ 100ملین ڈالر سے زائد برآمدات متوقع ہیں۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں متعین چینی قونصل جنرل ژا شیریں اور چیئرمین چیلنج گروپ ویگو ہانگ نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جدید ترین اور شاندار گارمنٹ سٹی بنا رہے ہیں، چیلنج گروپ کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کریں گے ۔ پنجاب میں گارمنٹ سٹی کی کامیابی کیلئے چیلنج گروپ سے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں،حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھرپور ساتھ دے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی بڑی ٹیکسٹائل فیکٹریوں اور اداروں کو پنجاب میں منتقل کرنا چاہتے ہیں،پنجاب کی تیز ترین صنعتی ترقی کیلئے چیلنج سپیشل اکنامک زون اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومت پنجاب ٹیوٹا کے ذریعے نوجوانوں میں فنی مہارت کے فروغ کیلئے بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے۔صنعتی اداروں کی ضرورت کیلئے مارکیٹ بیسڈ ہیومن ریسورس فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ویگو ہانگ نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں جدت پیدا کرناچاہتے ہیں،پنجاب میں چین کی حالیہ سرمایہ کاری وزیراعلیٰ مریم نواز کے گزشتہ دورہ چین کا ثمر ہے۔ مریم نواز نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982ویں عرس اور چہلم امام حسینؓ پرامن وامان یقینی بنانے ،زائرین کی سکیورٹی اور آسانی کیلئے انتظامات میں بہتری لانے ،شاندار مہمان نوازی کی روایات جاری رکھنے ، لنگر اور سبیل کے انتظامات میں مزید آسانیاں لانے کاحکم دیاہے ،ان کا کہناتھاکہ زائرین کا تحفظ ترجیحات میں اولین ہے۔