اب غربت ،جہالت،فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی:مریم نواز

اب غربت ،جہالت،فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی،عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو غربت سے آزاد کرانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے ،اب غربت اور جہالت کے خلاف جنگ لڑیں گے ،ملک کو بہتر بنانے کی جنگ ہوگی۔

فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی،جنگ جیتنے کے لئے جنگی سازوسامان نہیں بلکہ اللہ پر غیر متزلزل ایمان ضروری ہے ،پاک فضائیہ نے جے ایف تھنڈر،رافیل مار گرائے تو کسی کو یقین نہیں آرہا تھا ،سیاسی طورپر تقسیم ہو کر لڑتے تو کبھی جنگ نہ جیت پاتے ،معرکہ حق سے دنیا جان گئی کہ بنیان مرصوص کا مطلب کیا ہوتاہے ۔یاد گار معرکہ حق، میوزیم اور پارک پراجیکٹ کی نقاب کشائی کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ دشمن کے رافیل طیارے گرانے والوں کوقوم سلام پیش کرتی ہے ،اپنے سپہ سالار بھائی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہو ں نے وار ٹائم لیڈر شپ کااعلیٰ مظاہرہ کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا،یوم آزادی کا یہ دن پاکستانی قوم کے نام ہے ،پوری قوم سیسہ پلائی دیوارکی طرح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔یوم آزادی کا دن ان ماؤں کے نام جو ماتھا چوم کر بیٹوں کو میدان جنگ میں بھیجتی ہیں ،جوان بیٹوں کو رخصت کرنے والی ماؤں کو قوم، نوازشریف اور میں سر جھکا کر سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،اپنے سہاگ وطن کے لئے پیش کرنے والی بیٹیوں کو سلام کرتے ہیں ،دفاع وطن کے لئے یتیمی کا تاج سر پر سجا نے والے بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،یوم آزادی کا دن وطن کے ان بیٹوں کے نام جنہوں نے خون دے کر وطن کی حفاظت کی ،یوم آزادی کو سرحدوں پر دلیری سے لڑنے والے غازیو ں کے نام کرتے ہیں،ہر سال یوم آزادی مناتے ہیں مگر معرکہ حق کی وجہ سے اس سال مزہ ہی اور ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کی خدمت کا اعزاز ہرکسی کے نصیب میں نہیں ہوتا ،بڑا عہدہ مل جائے نیت اچھی نہ ہو تو رسوائی ہوتی ہے ،2018سے شروع ہونے والے تنزلی کا سفر ختم ہواہے ،یہ مٹی بہت زرخیز ہے ، تھوڑا سا پانی اور تھوڑی سی محنت مانگتی ہے ،پاکستان نے اپنے سے 4گنا بڑی طاقت کو جذبے کے ساتھ شکست دی ،دعا ہے کہ پاکستان تا ابد آباد رہے ، ہم اپنی زندگی میں رفعتوں کو چھوتا دیکھیں۔ان کا کہناتھاکہ پنجاب میں یادگار معرکہ حق، پارک اورمیوزیم بنے گا، وزیراعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں معرکہ حق میوزیم، یادگار او رپارک پراجیکٹ کی با ضابطہ نقاب کشائی کی،تقریب میں معرکہ حق کے بارے میں خصوصی نغماتی فلم پیش کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے جشن آزادی پر اپنے پرتشکر پیغام میں کہاکہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد،قوم کو 78واں یوم آزادی مبارک ہو،پاکستان جیسی بے مثال سرزمین عطا کرنے پر اللہ کریم کا شکر بجا لاتے ہیں۔ یوم آزادی پر ہمیں بحیثیت پاکستانی اپنا احتساب کرنا ہوگا، والدین سے اپیل کرتی ہوں کہ آج کے دن جدوجہد آزادی اور تحفظ آزادی کی داستانیں بچوں کو ضرور سنائیں۔14اگست محض جشن آزادی نہیں بلکہ پاک سرزمین سے وفا کے عہد کی تجدید کا دن ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں