سیاسی تبدیلیوں سے معاشی پالیسیاں نہیں بدلنی چاہئیں:اسحاق ڈار

سیاسی تبدیلیوں سے معاشی پالیسیاں نہیں بدلنی چاہئیں:اسحاق ڈار

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )سابق نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو معرکہ حق میں کامیابی پر ملنے والے اعزازات پر لیک سٹی لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 تقریب میں چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامرمحموداور وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے خصوصی طورپر شرکت کی، ایس ایم تنویر، احمد نواز سکھیرااور ابراہیم طارق شفیع سمیت کاروباری شخصیات بھی اس موقع پر موجودتھیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی تبدیلیوں کی وجہ سے معاشی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آنی چاہئے ، غیر مناسب سیاست کی وجہ سے سب سے بڑا نقصان قوم کا ہوا۔میں نے بڑی کوشش کی میثاق معیشت ہوجائے ، ہم دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بننے جارہے تھے ، 2018 میں ڈرامہ رچایا گیا اور معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں معاشی حالات بہتر ہورہے تھے ، جو کچھ پھر4سالوں میں ہوا وہ سب کے سامنے ہے ، بدقسمتی سے ہم اب تک وہ مقام حاصل نہیں کرسکے جو کرنا چاہئے تھا۔سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز ، پیٹرن انچیف ایف پی سی سی آئی ایس ایم تنویر، صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام اور دیگر شخصیات کی تقریب میں معرکہ حق کی فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ میں آپ کو فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے جشن آزادی کی مبارک کہتا ہوں۔

پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والا ملک ہے ،آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی ہے ، دشمن نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا اور پاکستان پر الزام لگادیا، وزیراعظم نے بھارت کو شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، پاک بھارت جنگ کے دوران قوم متحد تھی، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، جس نے ملک سے دشمنی کی اس کا انجام بہت برا ہوا، ہم نے افواہوں پر توجہ نہیں دینی اور مل کر کام کرنا ہے ،ایران پر حملہ ہوا تو ہم نے واضح موقف اپنایا،پہلے کی طرح اب بھی دہشت گردی کا قلع قمع کرکے دکھائیں گے ۔اسحاق ڈار کا کہناتھاکہ بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرنے پر خوشی محسوس کرتا ہوں،1992 میں لاہور چیمبر کا صدر رہا ہوں، بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتا ہوں،معیشت کو بہتر کرنے کے لیے ہم نے دن رات کام کیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 2008 میں میرا آئیڈیا تھا، صوبوں کو صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان دیوالیہ کے قریب اور تنہائی کا شکار تھا، وزیراعظم شہباز شریف معیشت کی بہتری کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، گوہر اعجاز سے کہتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہم سب نے ملکر ملک کو آگے لیکر جانا ہے ۔

سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار اور محسن نقوی کو ستارہ امتیاز ملنا بہت خوشی کی بات ہے ،پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے پران کو سراہتے ہیں، بزنس کمیونٹی پاکستان کی ترقی چاہتی ہے ، چاہتا ہوں حکومت بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلے ، پاکستان میں خطے کے مقابلے میں بجلی کا ریٹ زیادہ ہے ، بجلی کا ریٹ اور شرح سود زیادہ ہونے پر کیسے صنعتیں لگا سکتے ہیں؟۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ،مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ ایس ایم تنویر نے کہاکہ اس سال جنگ جیتنے نے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کر دیں،پوری قوم افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بھی وزیرداخلہ محسن نقوی اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملکی خدمات کو سراہا۔ سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیرداخلہ محسن نقوی کو شیلڈ سے نوازا اور گلدستہ پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں