منشیات سمگلنگ میں ڈرون استعمال ہورہا، بااثر لوگ ملوث : سپریم کورٹ
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے منشیات اورفراڈ کیس کے ملزموں کی درخواست ضمانت مستردکردی،جسٹس نعیم اخترافغان نے ریمارکس دئیے کہ منشیات سمگلنگ کے لیے آج کل ڈرون کا استعمال ہوتا ہے اور اس جرم میں بااثر افراد بھی ملوث ہیں، اینٹی نارکوٹکس فورس کے وکیل نے بتایا ملزم کے قبضے سے دس کلو ہیروئن اور ڈرون برآمد ہوا جبکہ پنجاب پولیس کا اہلکار مظہر اقبال بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
جسٹس نعیم اختر نے قرار دیا کہ ملزم سزا کے خوف سے ضمانت چاہتا ہے اور اگر ضمانت دی گئی تو مفرور ہو سکتا ہے ، لہٰذا ٹرائل کورٹ سے کارروائی مکمل کروائی جائے ۔ سپریم کورٹ نے ملزم فیاض کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس ٹرائل کورٹ کو بھیجنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 67 لاکھ روپے فراڈ کیس میں ملزم راشد حنیف کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم پہلے گرفتاری دے اور تحقیقات مکمل کرائے ۔ وکیل صفائی نے کہا ملزم رقم واپس دینے کو تیار ہے ، جسٹس نعیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ قانون کا مذاق نہ بنایا جائے ، ملزم نے فراڈ کیا ہے ، کام دیکھیں۔عدالت نے حکم دیا کہ راشد حنیف گرفتاری دینے کے بعد ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے رجوع کرے ۔
سپریم کورٹ نے استاد صفت اللہ کی جعلی ڈگری کیس میں خیبرپختونخوا حکومت کو مکمل ریکارڈ جمع کرانے کاحکم دیدیا، جسٹس حسن اظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کو نوکری دینے سے پہلے ڈگری کی تصدیق کرنی چاہیے تھی،تصدیق میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے ؟ ،جسٹس نعیم اختر نے کہا 2019 سے اب 2025 ہو گیا لیکن حکومت نے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ عدالت نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جہیز کی رقم برآمدگی کیس لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔ سپریم کورٹ نے ڈیڑھ سال سے زیر التوا زیادتی کیس میں ملزم شکیل کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔