زرعی فنانسنگ میں انقلاب ، ڈیجیٹل ایپ زرخیزی متعارف
کسان ایپ کے ذریعے درخواست دیکر10لاکھ تک کا قرضہ حاصل کرسکیں گے اپپ کسانوں کی فنانس تک رسائی بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ،گورنراسٹیٹ بینک
کراچی (بزنس ڈیسک)فنانس ڈویژن نے اسٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے زرعی فنانسنگ میں انقلاب لانے کیلئے تیار کردہ ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم زرخیزی کا آغاز کردیاہے ۔اس اقدام کا مقصد زرعی فنانس کو ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ کسان زرخیزی ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر درخواست دے سکیں اور دس لاکھ روپے تک کا قرضہ حاصل کر سکیں۔ ضروری تصدیق کے بعدیہ درخواست کسان کی پسند کے بینک کو پراسیسنگ کیلئے بھیج دی جائے گی۔ فنانسنگ کا 75 فیصد حصہ زرعی سامان کی خریداری کیلئے بینکوں کے منظور شدہ زرعی وینڈرز کے ذریعے اشیاء کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔ فنانسنگ کے علاوہ کسان کو لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے زرعی مشاورت کی سروسز بھی دی جائیں گی۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرخیزی ایپ مالی شمولیت کے فروغ کیلئے ہمارے عزم کی عکاسی ہے ۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہاکہ زرخیزی ایپ چھوٹے کسانوں کی فنانس تک رسائی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ قرضہ حاصل کرنے کا عمل ڈیجیٹل بنا کر ہم چھوٹے کسانوں کیلئے رکاوٹیں ختم کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ رسمی قرضہ جات بروقت، قابل رسائی اور فصلوں کی پیداوارمیں کسانوں کو مدد دیں۔پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود نے کہاکہ بینکنگ انڈسٹری، زرخیزی ایپ کے کامیاب نفاذ کے لیے پرعزم ہے ۔