وزیر آباد میں بھی الیکٹرک بس چل پڑی، ترقی کا سفر ہر گلی، محلے پہنچے گا : مریم نواز

وزیر آباد میں بھی الیکٹرک بس چل پڑی، ترقی کا سفر ہر گلی، محلے پہنچے گا : مریم نواز

لاہور،وزیر آباد،بہاولپور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں، نمائندگان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیرآباد میں بھی الیکٹرک بس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں الیکٹرک بس پر خواتین، طلبہ، بزرگوں اور سپیشل افراد کے لئے مفت سفر، گوجرانوالہ میں امراض دل کے علاج کے لئے سنٹر بنانے ،میٹرو بس سروس کی جلدتعمیرشروع کرانے کااعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں  کے لئے فی ایکڑ 20ہزار روپے ،سیلاب میں مکمل گھر گرنے پر10 لاکھ اور جزوی طور پر گھر گرنے پر5 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا سیلاب متاثرہ ہر فرد کی بحالی تک چین اور آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ترقی کا سفر اب ہرگلی محلے کے کونے کونے تک پہنچے گا۔ سیلاب کے باوجود پنجاب میں ترقیاتی کام نہیں روکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں دسمبر تک1100 اور اگلے سال تک1500 الیکٹرک بسیں پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا سیلاب متاثرین کو سیلاب متاثرین نہیں کہوں گی بلکہ وہ میرے مہمان ہیں۔ پوری حکومتی مشینری ،پاک آرمی، نیوی ، ریسکیو ، سول ڈیفنس ، پولیس اور انتظامیہ نے مثالی اشتراک کار کے ساتھ کام کیا۔سیلاب متاثرین کے لئے میری پوری کابینہ میدان میں ہے ۔ مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ اور رانا سکندر حیات مستقل فیلڈ میں ہیں۔ہمارے وزراسیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے کئی کئی راتیں نہیں سوئے ۔ سیلاب متاثرہ عوام کو پوری طرح بحال کرکے سو ئیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا متاثرہ خاندانوں کو کھانا، راشن،ادویات ، مویشیوں کے لئے چارہ اور سر چھپانے کے لئے ٹینٹ بھی دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا گوجرانوالہ میں لاہور سے بہتر اور جدید بس چلائیں گے ۔

اب وزیر آباد سے گکھڑ منڈی کا سفر 200روپے کی بجائے صرف 20 روپے میں ہوگا۔وزیرآباد کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل سکی۔ صرف بڑے شہروں کو بسیں دینے کی روایت توڑ دی ہے ۔ انہوں نے کہا عوام اب پنجاب میں خود کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں۔ مفت ادویات بھی مل رہی ہیں اور سڑکیں بھی بن رہی ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے الیکٹرک بس پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعلیٰ گکھڑ منڈی بس سٹاپ سے ای بس پر سوار ہوئیں،بس کے تمام راستے میں عوام پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا وزیرآباد میں 15ماحول دوست الیکٹرک بسیں شہر کے مختلف مضافاتی روٹس پر چلائی جائیں گی۔ دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز بہاولپور پہنچ گئیں ۔انہوں نے احمد پور شرقیہ کے علاقے اُچ شریف کے نواح میں بھلہ جھلان میں حفاظتی بند کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث سیلاب متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔انہوں نے فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی ۔ وہ خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں ، ننھی بچی کو گود میں اٹھا کر اظہار مسرت کیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں