پنجاب:مبینہ پولیس مقابلے ، 4ملزم ہلاک،ایک گرفتار
لاہور میں منشیات فروش ایاز اورذوالفقار،لڑکی کے اغوا کا ملزم رائے عمر مارا گیا کوٹ رادھا کشن میں اکرام میو نے دم توڑا، شعیب شیمی چیچہ وطنی سے پکڑا گیا
لاہور،حافظ آباد،قصور،چیچہ وطنی(کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب پولیس کے مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے ، 2منشیات فروشوں سمیت 4 ملزم مارے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے ، پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر دیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )ماڈل ٹاؤن نے ڈیفنس سی کے علاقے میں منشیات فروش ایاز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی گئی اور اس دوران ایاز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ ساتھی فرار ہو گئے ،ہلاک ملزم ایاز سکول اور کالجز کے اطراف میں آئس فروخت کرتا تھا ۔علاوہ ازیں سی سی ڈی چوہنگ زیر حراست منشیات فروشی ،ڈکیتی و دیگر مقدمات میں ملوث ملزم ذوالفقار علی کو ریکوری کیلئے رائیونڈ کے علاقے چوکی شیر شاہ کی حدود میں لے کر گئی تو اس کے ساتھیوں نے بھی پولیس پر حملہ کر دیا،گولیوں کی زد میں آکر زیر حراست ملزم مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے ۔ مزید برآں لاہور پولیس کی زیر حراست حافظ آباد کے نواحی گاؤں نوتھیں کا رہائشی نوجوان رائے عمر مبینہ مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ،وہ مقامی پولیس افسر کا بھانجا تھا ،اسے لاہور پولیس نے ایمن نامی لڑکی کے اغوا کیس میں سنی گارڈن حافظ آباد سے گرفتارکیا تھا ۔ادھر قصور کے علاقہ کوٹ رادھا کشن میں8ماہ قبل 7 بچوں کے باپ کو ناحق قتل کرنے والے ڈاکواکرام میو کا 2ساتھیوں سمیت واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے شہری کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جس کے نتیجہ میں وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ 2 ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے ۔ کوٹ رادھاکشن پولیس زخمی ڈاکو کو حراست میں لیکر ہسپتال منتقل کر رہی تھی کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا ۔ مزید برآں چیچہ وطنی میں اڈہ کو ھیاں پر سی سی ڈی سے 3منشیات کے سمگلروں کا مبینہ مقابلہ ہو گیا اور نتیجہ میں ایک سمگلر شعیب شیمی کو شدید زخمی حالت میں گرفتارکر لیا، ملزم کے قبضہ سے 1200 گرام چرس اور نا جائز پستول برآمد کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ تھا نہ سی سی ڈی پولیس ساہیوال نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ۔