محکمہ موسمیات کا بجٹ 4 ارب، 2430 ملازمین، بارش پیشگوئیاں ہمیشہ الٹ : قائمہ کمیٹی میں تنقید

محکمہ موسمیات کا بجٹ 4 ارب، 2430 ملازمین، بارش پیشگوئیاں ہمیشہ الٹ : قائمہ کمیٹی میں تنقید

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل نے محکمہ موسمیات کے حکام کو غلط پیش گوئیوں پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی بارش پیشگوئیاں الٹ ثابت ہوتی ہیں۔۔۔

جب یہ بارش بتاتے ہیں نہیں ہوتی، جب انکار کرتے ہیں برس پڑتی ہے، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین احمد عتیق انور کی زیرِ صدارت ہوا ،اراکین کمیٹی نے غلط پیشگوئیوں پر محکمہ موسمیات پر شدیدتنقید کی ۔میر منور علی نے کہا محکمہ موسمیات کی زیادہ ترخبریں غلط نکل آتی ہیں،ایک بارمحکمہ موسمیات نے 4 دن بارش بتائی مگر ایک قطرہ بارش نہیں ہوئی۔شازیہ مری نے کہا جس دن محکمہ موسمیات کہتا ہے آج بارش نہیں ہوگی اس دن ہوجاتی ہے ، ہم بارش کا سن کر چھتری لیکر نکلتے ہیں تو بارش ہی نہیں ہوتی۔محکمہ موسمیات کی غلط پیشگوئیوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا اور ادارے کی ساکھ متاثر ہوتی ہے ۔شازیہ مری نے حکام سے استفسار کیا محکمہ موسمیات کا بجٹ کتنا ہے اور ملازمین کتنے ہیں؟ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات نے جواب دیا میٹ ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ 4 ارب روپے اور ملازمین 2430 ہیں، ہم نے سب اداروں کو بتا دیا تھا کہ تیز بارشیں آئیں گی، ہم نے یہ بھی بتایا تھا کہ ملک میں سیلاب آئیں گے ۔ مگر کسی نے سنجیدہ نہ لیا، چیئرمین قائمہ کمیٹی احمد عتیق انور نے کہا کسی دن محکمہ موسمیات چلتے ہیں اورسسٹم کا جائزہ لے لیتے ہیں، ہم دیکھیں گے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئیاں کیوں نہیں درست ہوتیں۔ یہ بھی دیکھیں گے کہ محکمہ موسمیات کے پاس ٹیکنالوجی کون سی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں