نوٹیفکیشن کورول کرکے حلق سے نکالنے کی تیاری کر لیں :واوڈا
وزیراعلیٰ بچے گا نہ 9 مئی والے ، عمران خان کی فیملی کو حال پوچھنے کی اجازت صوبائی حکومت نے کوئی حرکت کی تو گورنر راج سر پر ، دنیا مہر بخاری کیساتھ
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) سینیٹر فیصل واوڈا نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ بچے گا نہ 9 مئی والے ، بدمعاشی پر ڈبل جواب ملے گا ملاقات بھی بند ہوجائے گی۔ نوٹیفکیشن کرنے والوں کو کہا تھا کہ جلد آ رہا ہے ، اب اس کو رول کر کے حلق سے نکالنے کی تیاری کر لیں۔ دریں اثنا پروگرام\"دنیا مہر بخاری کے ساتھ\"میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا صوبائی حکومت نے کوئی حرکت کی تو گورنر راج سر پر کھڑا ہے ، اگر گورنر راج لگا تو یہ صرف 2 ماہ کا نہیں ہوگا۔ جب آپ باہر آکر لوگوں کو اکسائیں گے تو پھر کیا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی گالم گلوچ سے ان کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، فیصلے اگر پی ٹی آئی کے حق میں ہیں تو ٹھیک ، خلاف آئیں تو غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو پھر کیا رہ جائے گا، وی لاگ کے اندر جو باہر بیٹھے ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔ میں نے آپ کو 72 گھنٹے کے بعد نوٹیفکیشن کا کہا امید ہے کہ پہلے ہوجائے گا، آنے والے کل کے بعد بہت سی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔ 28 ویں ترمیم بھی آئے گی اور اگر کچھ چیزیں رہ گئیں تو 29 ویں بھی آئے گی، بانی پی ٹی آئی کے غصے کی بات سن کر تکلیف ہوتی ہے ۔
ایکس پر اپنے پیغام میں فیصل واوڈا نے مزید کہا اگر عمران خان سے ملاقات میں کوئی سیاسی پیغام دیا گیا تو وکلا اور بہنوں سے ملنے کا سلسلہ بھی بند ہوجائے گا۔ ایسی کی تیسی، ذہنی مریض، اندھے اور بہرے سُن لیں کہ آئین اور قانون کے مطابق فیملی کو ملاقات اور حال احوال لینے کی اجازت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح وکیل کو کیس سے متعلق ملنے کی اجازت ہے ، اگر فیملی یا وکیلوں کی ملاقاتیں سیاسی پیغام پر مشتمل ہورہی ہیں تو انہیں بھی بند کردیا جائے گا۔پیار کے بدلے ڈبل پیار اور عزت کے بدلے دگنی عزت دی جائے گی، اسی طرح بدمعاشی کا جواب ڈبل بدمعاشی سے دیا جائے گا۔ واوڈا نے لکھا کہ اشتعال انگیزی کرنے والی پارٹی اب اس دوراہے پر ہے کہ اُس کی واپسی مشکل ہے ، اب کیسز اور چیزوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے انچ برابر کوئی مزید افرا تفری کی تو پھر اُن کی باقی کی سیاست کو گورنر راج سے ختم کردیا جائے گا۔ فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ 9 مئی کے دہشت گرد جو کے پی کے میں چھُپے ہوئے ہیں ان سمیت اب سب اپنی خیر منائیں۔