فضائی آلودگی دہشتگردی سے زیادہ جانیں لیتی ہے ، سٹینڈنگ کمیٹی
فضائی آلودگی پاکستان کو سالانہ 22 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا رہی : شیری رحمن
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ فضائی آلودگی دہشت گردی سے زیادہ جانیں لیتی ہے ۔ لاہور آلودگی کے اعتبار سے دہلی کے برابر ہے ، اور تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہر سال 2لاکھ 56ہزار افراد آلودگی کے باعث فوت ہو جاتے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی دھوئیں اور گاڑیوں سے آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے1 کروڑ 10لاکھ بچے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
شیری رحمان نے سموگ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سردیوں میں بڑھنے والی فضائی آلودگی کی ایک شکل ہے جس میں زہریلے کیمیائی مادے شامل ہیں۔ فضائی آلودگی پاکستان کو سالانہ 22 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا رہی ہے ، اور لاہور کی اوسط زندگی 3.7سے 4.6سال تک کم ہو رہی ہے ۔کمیٹی اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ای پی اے کی جانب سے ڈیٹا کی عدم موجودگی پر چیئرمین نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری کلائمیٹ چینج منسٹری پر بھی تنقید کی۔شیری رحمان نے انفلوئنزا ویکسین کی کمی اور اسلام آباد میں ٹیسٹ نہ ہونے کے مسائل پر بھی سوالات اٹھائے ۔ انہوں نے وفاقی وزارت صحت سے واضح اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شہری بہتر کام کی توقع رکھتے ہیں۔ چیئرپرسن کمیٹی نے زور دیا کہ فضائی آلودگی کے مسائل پر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔