کھیلوں کے فروغ کیلئے مربوط قومی پالیسی تشکیل دی جائے :حافظ نعیم
مقامی حکومتوں کا نظام غیر موثر ،صحت، تعلیم ، کھیل کے شعبے بری طرح متاثر ہیں ہم نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہے :امیر جماعت اسلامی،خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومتی سطح پر جامع اور مربوط قومی پالیسی کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے صحت ، تعلیم اور کھیلوں کے شعبہ جات بری طرح متاثر ہیں، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع نہیں مل رہے ، جماعت اسلامی نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے نوجوان نسل کو تعلیم ، ٹیکنالوجی اور کھیل میں آگے بڑھانے کیلئے ایک مربوط زی کنیکٹ (Z-Connect)پروگرام کا آغاز کیا ہے ،جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد آرٹیفیشل گراس (مصنوعی گھاس)سے تیار کردہ سپورٹس ارینا (کھیلوں کے میدان)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر الخدمت پاکستان ڈاکٹر مشتاق احمدمانگٹ نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران سرکاری سکولوں سے جان چھڑا رہے ہیں ، تمام وسائل صوبائی حکومتوں کے پاس ہے ، ہر طرف مافیا کا راج ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ادارہ جاتی کھیلوں کو بحال کیا جائے ، شہری حکومتوں کو بااختیاربنانا ہوگا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعہ بنو قابل پروگرام شروع کیا جس میں گیارہ لاکھ بچوں اور بچیوں کی رجسٹریشن ہوچکی ، بڑھتی رجسٹریشن کے پیش نظر ہم نے زی کنیکٹ پروگرام تشکیل دیاہے ، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارت دی جائے گی۔