’’باجوہ نے فیض کو کہاراناثنابہت موٹا ہوگیا ،سمارٹ بنادو ‘‘
آرمی چیف کی مرضی کے بغیر جھوٹا مقدمہ بنانیوالے افسر کا کورٹ مارشل ہوجاتا میں نے باجوہ کو کہا مقدمہ آپ نے بنوایا،اللہ اسی دنیا میں حساب کریگا:راناثنا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا ئاللہ کا کہنا ہے ایک ملاقات میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے کہا رانا بہت موٹا ہو گیا ہے اسے دوبارہ سمارٹ بناؤ۔ رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں معاملات فیض حمید، جنرل باجوہ اور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے ہی چل رہے تھے ،ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ کوئی حاضر سروس افسر آرمی چیف کی مرضی کے بغیر جھوٹا مقدمہ بنائے اور اگلے دن اس کا کورٹ مارشل نہ ہو۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک بریفنگ کے دوران جنرل باجوہ اور فیض حمید سے بات ہوئی، جنرل باجوہ نے کہا رانا بہت موٹے ہو گئے ہو، جیل میں بہت سمارٹ تھے ، فیض، رانا صاحب کو دوبارہ سمارٹ بناؤ، اس پر میں نے جنرل باجوہ کو کہا کہ مجھ پر مقدمہ آپ نے ہی بنوایا، اللہ اس دنیا ہی میں اس کا حساب کرے گا۔