نئے بلدیاتی نظام میں ہارس ٹریڈنگ نیچے تک لائی جا رہی، حافظ نعیم

نئے بلدیاتی نظام میں ہارس ٹریڈنگ نیچے تک لائی جا رہی، حافظ نعیم

حیران ہوں کہ دیگر جماعتیں کالے قانون کیخلاف آواز بلند کیوں نہیں کر رہیں با اختیار بلدیاتی نظام کے حق میں اتوار کو ملک گیر دھرنے ہونگے ، پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں گورننس کا بدترین بحران ہے ، معیشت ، زراعت تنزلی کا شکار، بے روزگاری   میں اضافہ ، سرمایہ باہر منتقل ہورہا ہے ۔ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام میں عوام بے اختیار، غیر جماعتی انتخابات کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کا وہ سلسلہ جو پہلے قومی و صوبائی اسمبلیوں تک محدود تھا اب نیچے تک لایا جارہا ہے۔ با اختیار بلدیاتی نظام کے حق میں اتوار اکیس دسمبر کو ملک گیر دھرنے ہوں گے ، دھرنوں کے روز آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، عوام کے حق کے لیے اور فرسودہ نظام کے خلاف تحریک مزید تیز ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل ہوگئے ، پنجاب کا حالیہ بلدیاتی قانون مقامی حکومتوں کے نظام پر سیاہ دھبہ ہے ۔ حیران ہوں کہ دیگر جماعتیں اس کالے قانون کے خلاف آواز بلند کیوں نہیں کر رہیں۔ پی ٹی آئی کے پی میں گزشتہ بارہ برس سے حکومت میں ہے مگر عملی طور پر اختیارات عوام نہیں بیورو کریسی کے قبضے میں ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر ریاستی تشدد اور پاسکو ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کئے جانے کے عمل کی بھی مذمت کی۔ بھارتی وزیر کے مسلمان خاتون کے نقاب اتارنے کو واقعہ کو گھناؤنا عمل قرار دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے حکومت پاکستان اور اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اس مکروہ واقعہ پر بھرپور آواز اٹھائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں