عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی منظوری
معاشی استحکام ،سروس ڈلیوری کیلئے معاونت کے نئے پروگرام کااعلان 60کروڑ وفاق اور 10 کروڑ ڈالر سندھ کیلئے منظور کیے گئے :بینک کا بیان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ، یہ فنڈنگ پاکستان پبلک ریسورسز فار اِنکلیوژِو ڈویلپمنٹ ملٹی فیز پروگرام میٹک اپروچ (پی آر آئی ڈی۔ ایم پی اے )کے تحت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد معاشی استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا ہے ۔ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان میں معاشی استحکام اور سروس ڈلیوری کیلئے نئے پروگرام کا اعلان کیا گیاہے ۔ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا یہ پروگرام وفاقی اور صوبائی سطح پر اصلاحات کی معاونت کرے گا تاکہ داخلی محصولات میں اضافہ، اخراجات کے معیار میں بہتری اور ڈیٹا و ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے خدمات کی مؤثر ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔
یہ پروگرام جاری مالی اصلاحات کی تکمیل کیلئے ترتیب دیا گیا ہے اور آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف ) پروگرام اور نیشنل فزیکل پیکٹ سے ہم آہنگ ہے ۔ مجموعی طور پر اس ایم پی اے کے تحت1اعشاریہ 35 ارب ڈالر تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔اس میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی پروگراموں جبکہ 100 ملین ڈالر خصوصی طور پر سندھ کے صوبائی پروگرام کیلئے منظور کیے گئے ہیں۔ پروگرام کا نتائج پر مبنی ڈیزائن اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ رقوم صرف اسی وقت جاری ہوں گی جب مقررہ اہداف حاصل ہوں۔ ورلڈ بینک کی پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آمگابازر نے کہا کہ پاکستان کا جامع اور پائیدار ترقی کا راستہ زیادہ ملکی وسائل کو متحرک کرنے اور یہ یقینی بنانے سے گزرتا ہے کہ یہ وسائل مؤثر، شفاف طریقے سے استعمال ہوں تاکہ عوام کیلئے نتائج فراہم کیے جا سکیں۔ پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کیلئے داخلی وسائل میں اضافہ اور ان کے شفاف و مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہے ۔ اس پروگرام کے ذریعے وفاقی اور سندھ حکومتوں کے ساتھ مل کر سکولوں اور صحت مراکز کے لیے قابلِ پیش گوئی فنڈنگ، منصفانہ ٹیکس نظام اور فیصلہ سازی کیلئے مضبوط ڈیٹا کی فراہمی کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ سماجی اور موسمیاتی ترجیحات کا تحفظ بھی کیا جائے گا۔