نیب :سرکاری اراضی پر قابض افراد کیخلاف سخت اقدامات کا فیصلہ
ڈپٹی چیئر مین سہیل ناصر اور چیف سیکرٹری زاہد اختر کی زیرصدارت اجلاس قانونی کارروائی، مستقل نگرانی اور شفاف ریکارڈ مینجمنٹ پر بھی اتفاق کیاگیا
لاہور(اپنے نامہ نگارسے ) نیب لاہور بیورو میں ڈپٹی چیئر مین نیب سہیل ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں پنجاب بھر میں سرکاری اراضی پر قابض ناجائز افراد سے زمین واگزار کرانے کے اقدامات، پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، پی جی اے نیب سید احتشام ،ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز، ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب ملتان عاصم لودھی، کمشنر لاہور ، فیصل آباد ، ملتان، سرگودھا، بہاولپور کے کمشنرز بھی شریک ہوئے ۔ان دوران بریفنگ میں کہاگیاکہ مجموعی طور پر صوبائی حکومت کے نام پر انتقال کے ساتھ ساتھ نشاندہی کی گئی زمین کا کل رقبہ 1 کروڑ 56 لاکھ 67 ہزار 577 کنال ہے جس کی تخمینی مالیت تقریباً 4.37 کھرب روپے بنتی ہے ، نیب کی مربوط کوششوں، موثر حکمت عملی اور مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کے بڑے رقبے کو قابضین سے واگزار کرایا جا چکا ہے ، واگزار شدہ سرکاری اراضی کو حکومتی ملکیت میں باقاعدہ بحال کر کے اسے عوامی مفاد کے لیے مؤثر طور پر استعمال میں لایا جائے گا، اجلاس میں ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف مزید سخت اور جامع قانونی کارروائیوں کے آغاز ، مستقل نگرانی اور شفاف ریکارڈ مینجمنٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔