جڑواں شہروں میں یکساں اوقات اذان اور نماز پرعملدرآمد کافیصلہ

جڑواں شہروں میں یکساں اوقات اذان اور نماز پرعملدرآمد کافیصلہ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت راولپنڈی،اسلام آباد میں یکساںاوقات اذان اور نماز کیلئے مشاورتی اجلاس جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما ،مشائخ عظام اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد یکساں اذان اور نماز کا کیلنڈر جاری کر کے باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ سردار محمد یوسف نے کہا یکساں اذان اور جماعت کیلئے قانون سازی پر وزارت کام کررہی ہے ۔وزارت مذہبی امور ان مشاورتی اجلاسوں کی روشنی میں عملی ،متوازن اور قابل قبول اقدامات کریگی ۔وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے یکساں اذان اور نماز کے رجحان کے فروغ کیلئے دفاتر اور تجارتی مراکز میں نماز اور وضو کی جگہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی ضمیر احمد نے کہا اس کا آغاز نماز جمعہ کے اوقات سے کیا جا ئے ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کہا دکانیں نماز کے لئے رضا کارانہ طور پر بند کرنے کیلئے تیار ہیں، نظامِ صلوٰۃ کمیٹی کے اراکین اور جید علما نے یکساں اذان و نماز کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور زوردیا کہ مساجد میں خواتین کیلئے جگہ مختص کی جائے اور تمام عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں