کشمیرپربھارتی تسلط کیخلاف واضح موقف اپنایاجائے :حافظ نعیم
خیبر پختونخوا، بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا ملک میں چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت :منصورہ میں خطاب ،میڈیا سے گفتگو
لاہور (سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران آج پانچ فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر محض ایک رسم کے طور پر نہ منائیں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اور مظالم کے خلاف واضح، دوٹوک اور جاندار موقف اپنایا جائے ۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالات انتہائی سنگین ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اسکے اسباب پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ ملک میں دہشتگردی کی بڑی وجہ امریکا سے دوستی اور نام نہاد امریکی جنگ میں شمولیت ہے ، جس کے نتائج قوم پچیس برس سے بھگت رہی ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کئی دہائیوں سے اقتدار میں ہیں اور ان کا طرزِ حکمرانی بدترین گورننس کی مثال ہے ۔
ہر شعبہ تباہ کرنے کے بعد شریف اور بھٹو خاندان کی تیسری نسل کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، مگر عوام اب ان کے بہکاوے میں نہیں آ رہے ۔ انہوں نے پنجاب میں سکولوں کی نجکاری، غیر جمہوری بلدیاتی قانون اور ادارہ جاتی کمزوریوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں فارم 47 کے ذریعے پیپلز پارٹی قابض ہے ، کراچی میں بھی قبضہ گروپ مسلط ہے ، جس کیخلاف جماعت اسلامی 14 فروری کو بھرپور احتجاج کریگی۔ مسائل طاقت سے نہیں بلکہ عوام کو حقوق، روزگار اور تعلیم دے کر حل ہونگے ، بلوچستان کے عوام کو عزت دی جائے اور قومی وقار کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں۔ جماعت اسلامی کی سیاست ذات یا مفادات کی اسیر نہیں ، ملک میں چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے ، جماعت اسلامی نوجوانوں کو ساتھ لے کر ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی۔