الائنس میں شامل جماعتیں آج یوم سیاہ منائیں گی:سرداررحیم
تمام ضلعی پریس کلبوں کے سامنے ہونیوالا احتجاج آئینی، جمہوری اور پرامن ہوگا جعلی الیکشن کے نتیجے میں وجود میں آنے والی اسمبلیاں عوام کی نمائندہ نہیں،بیان
کراچی (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات مکمل طور پر بوگس، جعلی اور بدترین دھاندلی کا مظہر تھے ،انتخابات کے نتائج فارم 47 کے ذریعے تبدیل کر کے من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا، جسے ہم کسی بھی صورت قبول نہیں کرتے ۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ جعلی انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی اسمبلیاں عوام کی نمائندہ نہیں، بلکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر بنائی گئی ہیں، ایسی اسمبلیوں سے عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف عوام دشمن فیصلے سامنے آ رہے ہیں، اسی لیے جی ڈی اے اور مسلم لیگ فنکشنل نے ان اسمبلیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیر پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کی کور کمیٹی نے 8 فروری کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں جی ڈی اے میں شریک جماعتیں آج تمام ضلعی پریس کلبوں کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرے کریں گی۔ سردار رحیم نے واضح کیا کہ یہ احتجاج آئینی، جمہوری اور پرامن ہوگا، جس کا مقصد عوام کو انتخابات میں ہونے والی دھاندلی اور ان کے مینڈیٹ کی چوری کے خلاف آگاہ کرنا ہے ۔