دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ، مقابلہ کرینگے :گورنرپنجاب
پمز ، پولی کلینک میں زخمیوں کی عیادت ،جلد صحت یابی کی دعا، نیک تمناؤں کا اظہار فیلڈ مارشل کی قیادت میں فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا ، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد،راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی نامہ نگار ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد ترلائی دھماکے میں ہونے والے خودکش حملے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے (پمز)اور پولی کلینک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں دوران نماز معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے ۔یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کا پہلے بھی مقابلہ کیا آئندہ بھی کرینگے ۔انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ قبل گورنر پنجاب نے ٹیکسلا میں منعقدہ فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ثقافتی ورثے اور روایات کے حوالے سے اقوامِ عالم میں منفرد مقام رکھتا ہے ۔