پہلا غزہ بورڈ اجلاس 19فروری کو ،پاکستان کو باضابطہ دعوت

پہلا غزہ بورڈ اجلاس 19فروری کو ،پاکستان کو باضابطہ دعوت

اجلاس میں غزہ کی موجودہ صورتحال، تعمیر نو، انسانی امداد،قیام امن پر غور کیا جائیگا وزیر اعظم کو دعوت نامہ موصول ، شرکت کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع

 اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی )امریکی صدر ٹرمپ کی سربراہی میں غزہ امن بورڈ کا پہلا اجلاس 19 فروری کو ہوگا ۔سفارتی ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ پاکستان کو اجلاس میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو چکا پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے ۔تاہم اجلاس میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا ۔ بورڈ کا مقصد غزہ میں پائیدار امن، مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد کے فروغ کیلئے مشترکہ سفارتی کردار ادا کرنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے پہلے اجلاس میں غزہ کی موجودہ صورتحال، تعمیر نو، انسانی امداد کی فراہمی اور طویل المدتی امن کیلئے حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ نے پالیسی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے نیک نیتی اور خلوص سے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی بورڈ آف پیس میں شمولیت کے تین بنیادی مقاصد ہیں ، ایک تو یہ کہ غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم اور برقرار رکھا جائے اور غزہ کی تعمیر نو کی جائے ، اس کے علاوہ فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت پر مبنی منصفانہ اور دیرپا امن کو آگے بڑھایا جائے ،بورڈ آف پیس میں پاکستان اکیلا شامل نہیں ہوا بلکہ ہمارے علاوہ سات دیگر اہم اسلامی ممالک، جن میں سعودی عرب، تر کیہ ، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور قطر شامل ہیں ۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بورڈ آف پیس کا مقصد اقوام متحدہ کے نظام کی تکمیل ہے نہ کہ اسے کمزور کرنا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں