ورلڈ بینک کا10سالہ ترقیاتی پروگرام کی حمایت کا اعادہ

ورلڈ بینک کا10سالہ ترقیاتی  پروگرام کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اتوار کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کی سالانہ علولہ کانفرنس کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر اینا بیجیرڈے سے ملاقات کی۔

 یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران گزشتہ ہفتے ورلڈ بینک کے صدر کے پاکستان دورے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی لچک، ترقیاتی ترجیحات، مالی اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت متعدد ترجیحی شعبوں کا احاطہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ واضح کارکردگی کے ٹریکرز متعارف کرائے جائیں اور وابستگیوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لئے زیادہ مضبوط اور موثر عمل درآمد کے طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے ۔

اینا بیجیرڈے نے پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ورلڈ بینک گروپ کے 20 ارب امریکی ڈالر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور ملک میں اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لئے بینک کی حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے مسلسل تعاون اور موثر عمل درآمد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک گروپ کے ساتھ قریبی تعاون کے لئے حکومتِ پاکستان کے عزم کو دوہرایا اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے کردار اور تعاون پر بھی زور دیا تاکہ پروگرام کے تحت بہتر کوآرڈی نیشن، بروقت عمل درآمد اور نتائج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں