قومی اسمبلی: 6بلز ،مسلح افواج سے یکجہتی کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی: 6بلز ،مسلح افواج سے یکجہتی کی قرارداد منظور

پاکستان کے نام اورنشانات کے غلط استعمال کی روک تھام کاترمیمی بل بھی پاس

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی نے پاکستانی شہریت (ترمیمی)بل 2025سمیت 6بلز کو کثرت رائے سے منظور کرلیا ، اسی طرح بھنگ کے انتظام اور ریگولیٹری  اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 ،پاکستان کے نام اورنشانات کے غلط استعمال کی روک تھام (ترمیمی) بل 2026 ،نیشنل آرکائیوز (ترمیمی)بل 2026 ، نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی)بل 2026 ،اسلام آباد کے بزرگ شہری (ترمیمی)بل 2025 بھی کثرتِ رائے سے منظور ہو گئے ۔بل میں عالیہ کامران کی ترمیم کثرتِ رائے سے مسترد کردی گئی۔ پاکستان شہریت ترمیمی بل کے تحت شہریت سے متعلق قانونی طریقہ کار کو مزید واضح اور باقاعدہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے ۔

ترمیمی بل میں پیدائش کے اندراج اور شہریت کے حصول کے طریقہ کار کو قانونی شکل دینے ، زیرالتوا درخواستوں،مقدمات کے حل کیلئے رہنمائی فراہم کرنے اور عدالتوں میں زیرسماعت معاملات پر نئے طریقہ کار کے اطلاق کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ والدین کے الفاظ کی تشریح اور شہریت کے تعین سے متعلق ابہام دور کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔ شناختی دستاویزات میں والد کی بجائے والدین کا اندراج کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی اورشہدا کو خراج عقیدت پیش کر نے کی قرارداد بھی منظور کرلی گئی،متفقہ قرارداد وزیردفاع خواجہ آصف نے پیش کی،قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ، یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ایوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرمملکت آصف علی زرداری کے خطاب پراظہارتشکرکی تحریک بھی منظور کرلی۔ مختلف بلوں پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس اور میعادی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں