پاک بھارت لڑائی میں 10طیارے گرے :امریکی صدر

پاک بھارت لڑائی میں 10طیارے گرے :امریکی صدر

وہ جوہری جنگ کی طرف جا رہے تھے ،ٹیرف کے بغیر جنگ بندی نہیں ہو سکتی تھی وزیراعظم شہباز نے 1کروڑ جانیں بچانے پر انکی تعریف کی تھی:ٹرمپ ،انٹر ویو

واشنگٹن( دنیا مانیٹرنگ)امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 کے تنازع کا ایک مرتبہ پھر ذکر کیا اور اس دوران مار گرائے جانے والے طیاروں کی تعداد 10 کر دی ۔فاکس بزنس کے ساتھ بدھ کو نشر کیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کاکہنا تھا کہ میرے خیال میں بھارت اور پاکستان میں جوہری جنگ ہوتی۔ وہ واقعی اس میں جا رہے تھے ، 10 طیارے مار گرائے گئے تھے ۔انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک کروڑ جانیں بچانے پر ان کی تعریف کی تھی۔ امریکی صدر نے زور دے کر کہا دیکھو! وہ جوہری جنگ کی طرف جا رہے تھے ، ٹیرف کے بغیر یہ جنگ بندی نہیں ہو سکتی تھی۔ امریکی صدر نے کہا میں نے آٹھ جنگیں طے کیں۔ آٹھ جنگوں میں سے کم از کم چھ ٹیرف کی وجہ سے طے کی گئیں۔صدر ٹرمپ نے پھر وضاحت کی کہ دوسرے الفاظ میں، میں نے کہا اگر آپ اس جنگ کو طے نہیں کرتے ہیں، تو میں آپ سے ٹیرف وصول کروں گا کیونکہ میں لوگوں کو مرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے کہا، نہیں، اس کا اس سے کیا تعلق ہے ؟ میں نے کہا، آپ پر الزام عائد کیا جائے گا۔واضح رہے ٹرمپ نے متعدد بار کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران طیاروں کو مار گرایا گیا تھا یہ بتائے بغیر کے گرنے والے جہاز کس ملک کے تھے ۔ ابتدائی طور پر انہوں نے پانچ طیاروں کے مار گرائے جانے کا ذکر کیا تھا اور بعدازاں انہوں نے یہ تعداد بڑھا کر اکتوبر میں 7 اور پھر نومبر میں 8 کر دی تھی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں