وزیراعظم آسٹریا پہنچ گئے ،بنگلہ دیش نہیں جا سکیں گے
بنگلہ دیشی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں احسن اقبال شرکت کریں گے ویانا میں شہباز کا شاندار استقبال ،اہم ملاقاتیں ،بزنس فورم کی صدارت کرینگے
اسلام آباد (نامہ نگار ،وقائع نگار)وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز طے شدہ دورہ آسٹریا پر ویانا پہنچ گئے جس کے باعث وہ بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے ،ان کی جگہ احسن اقبال پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے وفاقی چانسلرکرسچن سٹاکرکی دعوت پروزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پرگزشتہ رو ز ویانا پہنچے ، وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کاوفد بھی ہے جس میں نائب وزیر اعظم،وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سید طارق بلوچ شامل ہیں ۔ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا شاندار استقبال کیا گیا،آسٹرین مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے وزیرِ اعظم کو سلامی پیش کی۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل کر رہا ہے ،وزیراعظم اپنے آسٹریا کے ہم منصب سے دوطرفہ بات چیت کریں گے اورآسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے ۔ شہباز شریف کا ویانا کا یہ دورہ تین دہائیوں میں کسی پاکستانی وزیر اعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہے ، آخری دورہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے 1992 میں کیا تھا۔دوسری طرف بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری17 فروری کو ہوگی۔ وزیراعظم شہبازشریف کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم ان کے دورہ آسٹریا پرجانے کی وجہ سے وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف کی جگہ وفاقی وزیر احسن اقبال بنگلہ دیش جائیں گے اورتقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔