عارف حبیب گروپ کا پی آئی اے کے باقی حصص خریدنے کا فیصلہ
اپریل کے اختتام تک انتظامی تبدیلیاں، قومی ایئرلائن مکمل نجی ادارہ بن جائیگی
لاہور (این این آئی)عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس پیش رفت کے بعد قومی فضائی کمپنی مکمل طور پر نجی شعبے کے کنٹرول میں آ جائے گی۔یاد رہے کہ دسمبر 2025 میں کنسورشیم نے 135 ارب روپے کے عوض پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے ۔ بحالی کے منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے گروپ اب مکمل فیصلہ سازی کا اختیار حاصل کرنا چاہتا ہے ۔عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اپریل کے اختتام تک انتظامی تبدیلیاں نافذ کر دی جائیں گی جس کے بعد کمپنی مکمل طور پر نجی ادارے کے طور پر کام کرے گی اور حکومت کے نامزد ارکان بورڈ میں شامل نہیں ہوں گے ۔
ان کے مطابق سرپرستوں کی تبدیلی اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں متوقع ہے ۔حکومت نے کنسورشیم کو باقی حصص جن کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے ہے خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی ہے جس کی آخری تاریخ اپریل کے اختتام پر مقرر ہے ۔ جنوری میں طے پانے والے معاہدے کے تحت رقوم کی منتقلی کے لیے 12 ماہ کی مدت رکھی گئی ہے جس سے اس خریداری کو عملی شکل دینا ممکن ہو سکے گا۔کامیاب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر 34 اعشاریہ 1 فیصد، فوجی فرٹیلائزر کمپنی 33اعشاریہ 9 فیصد، لیک سٹی 16 فیصد اور سٹی سکول بمعہ اے کے ڈی گروپ 16 فیصد حصص کے ساتھ شامل ہیں۔نئی انتظامیہ کو 125 ارب روپے کی مالی معاونت دستیاب ہوگی جس کے ذریعے اصلاحات نافذ کی جائیں گی اور قومی فضائی کمپنی کی ازسرنو برانڈنگ اور آپریشنل بہتری کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔