ٹرمپ کی پاکستانی قیادت کی تعریف، علاقائی سیاست میں نئے اشارے

 ٹرمپ کی پاکستانی قیادت کی تعریف، علاقائی سیاست میں نئے اشارے

ایران میں طاقت کے استعمال کی صورت میں خطے میں پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں

(تجزیہ:سلمان غنی)

غزہ امن بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کو علاقائی صورتحال میں پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار اور اہم عالمی ایشوز پر اس کی اہمیت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی دفاعی حکمت عملی نے اسے عالمی سطح پر نمایاں کیا، جبکہ بھارت کے طرزِ عمل کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح کیا تھا کہ اگر جنگ نہ رکی تو امریکا ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔

امریکا نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جنگ رکوانے میں مدد کی۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک اعلیٰ سپہ سالار اور مضبوط قیادت کا حامل قرار دیا، جسے بعض حلقے پاکستان کی عسکری قیادت کی عالمی سطح پر پذیرائی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے بہتر تعلقات کا بھی ذکر کیا، جس سے خطے میں پاکستان کی سفارتی اہمیت اجاگر ہونے کا تاثر دیا جا رہا ہے ۔غزہ کے حوالے سے امریکی کردار پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امن معاہدے پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ مبصرین کے مطابق اگر امریکا غزہ کے عوام کے بہتر مستقبل کی بات کرتا ہے تو اسے اس حوالے سے عملی اقدامات بھی یقینی بنانا ہوں گے ۔ انہوں نے دیگر عالمی تنازعات، خصوصاً کشمیر جیسے حساس مسئلے کے حل میں بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت کی جانب اشارہ کیا، جسے جنوبی ایشیا میں ایک ممکنہ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ قرار دیا جاتا ہے۔

ایران کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسے معاہدہ کرنا ہوگا، بصورت دیگر نتائج بہتر نہیں ہوں گے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا ایران کے معاملے میں براہِ راست تصادم سے گریز کا خواہاں دکھائی دیتا ہے اور سفارتی دباؤ کے ذریعے حل تلاش کرنا چاہتا ہے ، تاہم طاقت کے استعمال کی صورت میں خطے میں پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے کردار سے متعلق خدشات بھی دور کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ عالمی ادارہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ مجموعی طور پر غزہ امن بورڈ سے صدر ٹرمپ کے خطاب کو عالمی سیاست میں امریکا کے کردار اور خطے میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی اہمیت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں