صنعتی شعبہ میں تیزی، مینوفیکچرنگ اشاریہ بلند ترین سطح پر
مینوفیکچرنگ پی ایم آئی 53.6 فیصد ، نئے آرڈرز ، برآمدی طلب بڑھ گئی آٹو، فرٹیلائزر، سیمنٹ، سپورٹس اور فرنیچر سمیت 10صنعتوں میں پیداوار بڑھی
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان کے صنعتی شعبے میں تیزی آئی ہے اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ایس آئی ایف سی کی سٹریٹجک معاونت سے صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق اکنامک انڈیکیٹر HBLS&P کے تحت پاکستان کے مینوفیکچرنگ شعبے کا اشاریہ فروری میں بڑھ کر 53.6 تک پہنچ گیا جو ایک سال کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے آرڈرز اور برآمدی طلب میں اضافہ صنعتی پیداوار میں وسعت اور کاروباری اعتماد میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے ۔ پیداواری سرگرمیوں میں مسلسل چوتھے ماہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رفتار نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر رہی۔مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کی لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ آٹو، فرٹیلائزر، سیمنٹ، سپورٹس اور فرنیچر سمیت دس سے زائد بڑی صنعتوں میں پیداوار اور نمو میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث روزگار کے مواقع بڑھے اور افرادی قوت میں اضافہ ہوا۔