حکمرانوں کی عیاشیاں جاری، عوام پر پٹرول بم گرایا گیا:حافظ نعیم

حکمرانوں کی عیاشیاں جاری، عوام پر پٹرول بم گرایا گیا:حافظ نعیم

چیئرمین سینٹ کیلئے کروڑوں کی گاڑی، وزیراعلیٰ کیلئے اربوں کا طیارہ خریدا گیا حکمران اپنی شاہ خرچیاں ختم،وسائل عوام پر خرچ کریں:امیر جماعت اسلامی

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کی شاہ خرچیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف عوام پر پٹرول بم گرایا جا رہا ہے اور دوسری طرف حکمران عوام کے ٹیکسوں سے عیاشیاں کر رہے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین سینٹ کیلئے 9 کروڑ روپے کی مہنگی گاڑی خریدی گئی جبکہ ن لیگ کی وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے 11 ارب روپے مالیت کا طیارہ خریدا گیا،یہ تمام شاہ خرچیاں ایسے وقت کی جا رہی ہیں جب مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکمران عوام سے قربانیوں کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن خود عوام کے ٹیکسوں پر عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اگر واقعی ملک اور عوام کی مشکلات کو سمجھتا ہے تو اسے سب سے پہلے اپنی شاہ خرچیاں ختم کرنی چاہئیں اور قومی وسائل کو عوامی فلاح پر خرچ کرنا چاہیے ،موجودہ معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن اس کے برعکس حکمران طبقہ اپنی آسائشوں میں اضافہ کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں