اربوں کی کرپشن ،کسی کو پروا تک نہیں :سندھ ہائیکورٹ

 اربوں کی کرپشن ،کسی کو پروا تک نہیں :سندھ ہائیکورٹ

ورکرز ویلفیئربورڈ میں 8 ارب کرپشن کی انکوائری ہورہی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل اربوں روپے ہڑپ کئے جارہے ، ہمیں بتایا جاتا ہے پاکستان غریب ہے ،ریمارکس

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار ہو رہی ہے ، کسی کو پروا تک نہیں۔محکمہ لیبر میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کی، جہاں سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی جس پر عدالت نے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ نے ورکرز ویلفیئر میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری کا حکم دیا تھا، اس کا اب تک کیا بنا؟۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ8ارب روپے کرپشن کی انکوائری چل رہی ہے ۔

جسٹس عدنان کریم میمن نے کہا کہ یہ تو بہت بڑی رقم ہے ، ہمیں تو بتایا جاتا ہے پاکستان غریب ملک ہے ۔درخواست گزار کے وکیل نثار وارثی نے مؤقف اختیار کیا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کا کام مزدوروں کی فلاح و بہبود کے فیصلے کرنا ہے ،بورڈ میں 4مزدور نمائندے بھی شامل کرنے تھے لیکن مزدوروں کی جگہ بینک ملازم ،ایگریکلچر ملازم شامل کیے گئے ۔مزدور یونین کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ملازمین کی انشورنس کی مد میں جاری کردہ 8ارب روپے کی رقم میں خورد برد ہوئی ہے ۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت تو کفایت شعاری کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہاں تو اربوں روپے ہڑپ کئے جا رہے ہیں، کسی کو کوئی پروا تک نہیں ہے ،عدالتوں کو کہا گیا کہ جمعہ کے روز بھی بند کریں، جہاں سے انصاف ملنا تھا وہاں بھی ایک دن کم کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں